
واشنگٹن،16مئی (ہ س)۔پینٹاگون نے منگل کے روز کہا ہے کہ یورپ میں امریکی افواج میں مجوزہ کمی کا اثر نیٹو رکن ملک پولینڈ پر بھی پڑے گا، تاہم یہ اثر عارضی نوعیت کا ہوگا۔بیان کے مطابق امریکہ یورپ میں موجود چار جنگی بریگیڈز کی تعداد کم کر کے تین کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور فوجی سطح کو 2021 کی سطح تک واپس لایا جائے گا۔ یہ بات پینٹاگون کے ترجمان شان بارنل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ''ایکس'' پر بیان کی۔
بارنل نے کہا کہ اس فیصلے کے باعث پولینڈ میں امریکی افواج کی تعیناتی مو¿خر ہو جائے گی، جو امریکہ کا ایک اہم اتحادی ملک ہے۔تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی تفصیلی ٹائم لائن نہیں دی۔رپورٹس کے مطابق اس تعیناتی کے حوالے سے پہلے بھی ابہام پایا جاتا رہا ہے۔وال اسٹریٹ جرنل نے گزشتہ ہفتے ایک پینٹاگون عہدیدار کے حوالے سے بتایا تھا کہ امریکہ 4 ہزار فوجیوں پر مشتمل ایک جنگی بریگیڈ کی تعیناتی روک دے گا، جو پولینڈ میں نو ماہ کی طے شدہ مشن کے لیے بھیجے جانے تھے۔
پولینڈ کے وزیر دفاع ولادیسلاف کوسینیاک کامیش نے کہا ہے کہ ان کے امریکی ہم منصب نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پولینڈ کی سلامتی سے متعلق امریکی عزم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔اسی طرح امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اسے معمول کی فوجی گردش میں تاخیر قرار دیا ہے، تاہم پینٹاگون کا کہنا ہے کہ اس تعیناتی کا وسیع جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پینٹاگون نے مزید کہا کہ وہ پولینڈ کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پولینڈ نے اپنی دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے اور نیٹو کے دیگر ممالک کو بھی اسی طرز پر عمل کرنا چاہیے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan