
روم، 20 مئی ( ہ س )۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو آج روم میں اقوامِ متحدہ کا ادارۂ خوراک و زراعت (ایف اے او) کے صدر دفتر میں تنظیم کی جانب سے سال 2026 کا باوقار “ایگریکولا میڈل” عطا کیا گیا۔ یہ اعزاز بھارت اور عالمی سطح پر غذائی تحفظ، پائیدار زراعت اور دیہی ترقی کے میدان میں ان کی غیر معمولی قیادت کے اعتراف میں دیا گیا۔
وزیر اعظم نے یہ اعزاز ایف اے او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر کیو ڈونگیو سے حاصل کیا۔ انہوں نے یہ اعزاز بھارتی کسانوں اور بھارتی زرعی سائنسی برادری کے نام منسوب کیا، جو بھارت اور دنیا بھر کے لوگوں کے لیے غذائی تحفظ اور بہتر غذائیت کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز انسانی فلاح، غذائی تحفظ اور پائیدار ترقی کے لیے بھارت کے عزم کا اعتراف ہے۔
وزیر اعظم نے بھارت میں زراعت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کھیتی باڑی “دھرتی ماں” اور بھارتی عوام کے درمیان ایک مقدس رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے لیے بھارت کا سائنسی اور اختراعی نقطۂ نظر ایک پائیدار، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ اور مستقبل کے لیے تیار نظام تشکیل دے رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ “ہر بوند سے زیادہ فصل” جیسی اسکیمیں، مائیکرو اریگیشن اور جدید زرعی طریقے بھارتی زرعی پالیسیوں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی پر مبنی زرعی حلوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچہ، مصنوعی ذہانت پر مبنی مشاورتی نظام، ڈرون، ریموٹ سینسنگ ٹیکنالوجی اور سینسر پر مبنی مشینری بھارتی کسانوں کو زیادہ پیداوار اور بہتر آمدنی حاصل کرنے میں مدد دے رہی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں بھارت نے تقریباً 3,000 موسمیاتی لحاظ سے مضبوط فصلوں کی اقسام تیار کی ہیں۔ ان کے مطابق بھارت کی سائنس پر مبنی زراعت عالمی غذائی تحفظ کو مضبوط بنا رہی ہے، خاص طور پر ترقی پذیر ممالک یعنی “گلوبل ساؤتھ” کے لیے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ ایف اے او کے بانی اراکین میں شامل ہونے کے ناطے بھارت کو عالمی غذائی تحفظ، پائیدار زراعت اور بھوک سے پاک دنیا کے قیام کے لیے اس ادارے کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ وزیر اعظم نے “بین الاقوامی سالِ موٹا اناج” کے انعقاد میں بھارت کے ساتھ تعاون کرنے پر ایف اے او کا شکریہ بھی ادا کیا۔
نریندر مودی کا ایف اے او ہیڈکوارٹر کا یہ دورہ گزشتہ 30 برسوں میں کسی بھی بھارتی سربراہِ حکومت کا پہلا دورہ تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد