وسطی علاقائی کونسل کی اگلی میٹنگ ایم پی کے اجین میں، امت شاہ میٹنگ کے بعد سنہستھ کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے
بھوپال، 20 مئی (ہ س)۔ ریاست کے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ وسطی علاقائی کونسل (سینٹرل زونل کونسل) کی اگلی (27 ویں) میٹنگ سال 2027 میں اجین میں ہوگی۔ مرکزی وزیرِ داخلہ و امدادِ باہمی امت شاہ نے 19 مئی کو بستر میں کونسل کی 26 ویں میٹنگ
کابینہ کی میٹنگ سے پہلے وزراء سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو


کابینہ کی میٹنگ سے پہلے وزراء سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو


بھوپال، 20 مئی (ہ س)۔

ریاست کے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ وسطی علاقائی کونسل (سینٹرل زونل کونسل) کی اگلی (27 ویں) میٹنگ سال 2027 میں اجین میں ہوگی۔ مرکزی وزیرِ داخلہ و امدادِ باہمی امت شاہ نے 19 مئی کو بستر میں کونسل کی 26 ویں میٹنگ میں اس سلسلے میں اپنی رضامندی دے دی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ موہن یادو نے بتایا کہ وسطی علاقائی کونسل کی میٹنگ لینے کے بعد مرکزی وزیرِ داخلہ اجین میں سنہستھ-2028 کی تیاریوں کے سلسلے میں کیے جا رہے وسیع شہری انتظامات، ہیومن مینجمنٹ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا بھی معائنہ کریں گے۔

وزیرِ اعلیٰ یادو نے بدھ کو منترالیہ میں منعقدہ کابینہ کی میٹنگ سے پہلے وزراء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش نکسل سے پاک ہو چکا ہے۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے وسطی علاقائی کونسل کی 26 ویں میٹنگ چھتیس گڑھ کے بستر میں منعقد کر کے ملک میں نکسل واد کے خاتمے کا عوامی پیغام دیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے وزراء کے ساتھ گزشتہ ہفتے ریاست میں ہوئی خصوصی سرگرمیوں اور حکومت کو ملی کامیابیوں کی معلومات بھی شیئر کیں۔

انہوں نے ریاست کو نکسل سے پاک کرنے میں اپنی شجاعت اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کے ذریعے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کیلاش مکوانا، اسپیشل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس پنکج شریواستو سمیت ’نکسل خاتمہ مہم‘ میں سرگرم تعاون دینے والے پولیس افسران کو اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے دھار ضلع کے بھوج شالا احاطے کے سلسلے میں ایم پی ہائی کورٹ کی اندور بنچ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش امن کا جزیرہ ہے۔ ریاست میں امن و امان کا کنٹرول ہماری ترجیح ہے۔ اس میں کوئی ڈھلائی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ نے قریب 750 سال پرانے اور مذہبی مسئلے کا مثبت اور پرامن حل نکالا ہے۔ حکومت اس موضوع سے متعلق تمام فریقوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش حکومت ماں واگ دیوی کا اصل مجسمہ بیرونِ ملک سے وطن واپس لانے کے لیے مرکزی حکومت کے ساتھ ہر ضروری کوشش اور تال میل کرے گی۔

انہوں نے دھان، جوار-باجرہ، کپاس، تل، سویا بین اور دیگر فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) میں اضافہ کرنے کے لیے مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسان بہبود کے سال میں وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے ریاست کے کسانوں کو یہ نیا تحفہ دیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے وزراء کو گزشتہ ہفتے ہوئی انڈو-فرانس کانکلیو (ہندوستان-فرانس سرمایہ کاری کانفرنس) کے کامیاب انعقاد کی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ ہماری حکومت فرانس کے ساتھ ہر شعبے میں مل کر کام کرے گی۔ فرانس کے سفیر تھیری ماتھو، انڈو-فرنچ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی ایف سی سی آئی) کی ڈائریکٹر جنرل پائل ایس کنور اور تقریباً 150 مندوبین نے اس میں حصہ لیا۔ اس میں ہندوستانی اور فرانسیسی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای او)، سفارت کار، پالیسی ساز، سرکاری افسران اور صنعت کے نمائندے شامل تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ پوما روپ ویز، اے آئی وین سٹی اینڈ میڈیکیپس یونیورسٹی، ڈاسالٹ سسٹم، سفلیٹ، سسٹرا، اینجی سمیت دنیا کے بڑے صنعتی اداروں کے سینئر عہدیداران، سی ای او-سی او او اور کثیر القومی (ملٹی نیشنل) کمپنیوں کے نمائندوں کی اس کانکلیو میں شرکت مدھیہ پردیش حکومت کی صنعتی پالیسیوں کے تئیں روز بروز بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد کی علامت ہے۔

موہن یادو نے کہا کہ ریاست میں ریاستی حکومت کے تحت مختلف کارپوریشنوں، منڈلوں، بورڈز، کمیشنوں اور اتھارٹیز میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور ارکان کی حال ہی میں تقرری کی گئی ہے۔ سرکاری محکموں کے اہم کارپوریشنوں، منڈلوں، بورڈز، کمیشنوں اور اتھارٹیز کے تمام نو منتخب عہدیداران کے لیے ریاست میں پہلی بار ورک ٹریننگ اور اورینٹیشن ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری حکومت کی ایک اختراعی کوشش ہے۔ اس میں تمام نئے عہدیداران کو ان کے عہدے کی ذمہ داریوں کو نبھانے کے طور طریقے، قواعد و ضوابط اور مالیاتی انتظام (فنانس مینجمنٹ) کے سلسلے میں تربیت دی گئی۔ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دے کر سبھی سے ریاست کی ترقی کے لیے کام کرنے کی اپیل کی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande