
سرینگر، 02 مئی (ہ س) رامبن کا ایک 22 سالہ نوجوان، جو 20 دن پہلے مبینہ طور پر مشتبہ 'گو رکشکوں' سے بھاگتے ہوئے ندی میں چھلانگ لگانے کے بعد لاپتہ ہوگیا تھا، ہفتہ کو مردہ پایا گیا، حکام نے بتایا لاش رامبن ضلع میں کرالنا ڈگڈول کے قریب نالہ بشلاری سے برآمد ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان 12 اپریل کو جموں سری نگر قومی شاہراہ پر مگرکوٹ کے قریب جموں سے اپنے آبائی گاؤں جاتے ہوئے لاپتہ ہو گیا تھا، جب اسے مبینہ طور پر روک کر حملہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد وہ ندی میں کود گیا اور لا پتہ رہا۔آج، لاش کو ڈگڈول کے قریب ندی میں دیکھا گیا تھا اور اسے ریسکیو ٹیموں نے بازیافت کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاش کو طبی قانونی کارروائیوں کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ متوفی کی شناخت تنویر احمد چوپان (22) ولد عبدالسلام چوپان ساکنہ منڈکھل پوگل کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس نے رامسو تھانے میں ایف آئی آر نمبر 26/2026 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعے کے سلسلے میں چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کی شناخت سرجیت سنگھ، سندیپ سنگھ، دگ وجے سنگھ اور کیول سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔ ایس ایس پی رامبن ارون گپتا نے معاملے کی جانچ کے لیے ایس ڈی پی او بانہال سریندر سنگھ بلوریہ کی سربراہی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی ہے۔ لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ تعاقب اور حملہ اس کی موت کا باعث بنا۔ معاملہ میں منصفانہ تحقیقات اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir