


جبل پور، یکم مئی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے جبل پور میں نرمدا ندی پر بنے برگی ڈیم میں جمعرات کی شام کو تیز آندھی طوفان کے باعث سیاحوں سے بھرا محکمہ سیاحت کا کروز ڈوبنے کے واقعہ میں نو لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ 24 لوگوں کو محفوظ نکال لیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق نو سے زیادہ لوگ ابھی بھی لاپتہ ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے جمعہ کو تقریباً 15 منٹ تک جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ اس دوران ان کے ساتھ وزیر تعمیراتِ عامہ راکیش سنگھ، وزیر سیاحت دھرمیندر سنگھ لودھی سمیت پولیس اور انتظامیہ کے افسران موجود رہے۔ وزیر اعلیٰ نے موقع پر موجود این ڈی آر ایف کے جوانوں سے بھی بات چیت کی، جو کل رات سے ہی جائے وقوعہ پر لگاتار ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا نے بھی جبل پور پہنچ کر برگی ڈیم پر ہوئے دردناک حادثے کے مقام کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے موقع پر جاری راحت اور بچاو کے کاموں کا جائزہ لیا اور افسران کو ضروری ہدایات دیں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس سے متاثرہ خاندانوں کے دکھ کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت پوری حساسیت کے ساتھ متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو راحت کے کام میں تیزی لانے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن