
جموں, یکم مئی (ہ س)۔
جموں کے بنتلاب علاقے میں جمعہ کے روز زیرِ تعمیر پل کا ایک حصہ اچانک منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں چھ مزدور ملبے تلے دب گئے۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔سابق سرپنچ راج دیو سنگھ نے بتایا کہ ملبے تلے دبے مزدوروں میں سے دو کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، جبکہ چار دیگر کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ موقع پر نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیمیں پہنچ چکی ہیں اور جدید مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے کا کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سیکورٹی اہلکار بھی جائے وقوعہ پر موجود ہیں جبکہ مقامی انتظامیہ صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے۔ ریسکیو آپریشن میں جے سی بی مشینوں کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ ملبے تلے دبے مزدوروں کو جلد از جلد نکالا جا سکے۔
بی جے پی کے رکن اسمبلی شام لال شرما بھی موقع پر موجود ہیں اور انہوں نے بتایا کہ پل پر بنیاد کو مضبوط بنانے کا کام جاری تھا۔ ان کے مطابق ممکنہ طور پر کھدائی کے دوران اوپر سے گزرنے والی گاڑیوں کی کمپن کے باعث پل کا حصہ منہدم ہوا۔حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ باقی پھنسے ہوئے مزدوروں کو جلد بحفاظت نکال لیا جائے گا۔ واقعے کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر