
نئی دہلی، 09 اپریل (ہ س)۔ مغربی ایشیا میں سیز فائر کے ناکام ہونے کے خدشے کی وجہ سے گھریلو شیئر بازار میں آج ابتدائی کاروبار کے دوران دباو بنا ہوا ہے۔ آج کے کاروبار کی شروعات بھی کمزوری کے ساتھ ہوئی تھی۔ بازار کھلنے کے بعد خریداروں نے خریداری کا زور بنا کر سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس کو سہارا دینے کی کوشش کی، لیکن تھوڑی دیر بعد ہی فروخت کا دباو بن گیا۔ فروخت ہونے کی وجہ سے ان دونوں انڈیکس کی کمزوری بڑھتی چلی گئی۔ پہلے ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد سینسیکس 0.91 فیصد اور نفٹی 0.62 فیصد کی کمزوری کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
شروعاتی ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد شیئر بازار کے سرکردہ شیئروں میں سے ہنڈالکو انڈسٹریز، میکس ہیلتھ کیئر، این ٹی پی سی، بجاج آٹو اور بھارت الیکٹرانکس کے شیئر 2.92 فیصد سے لے کر 1.45 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری جانب، انفوسس، شری رام فائنانس، لارسن اینڈ ٹوبرو، انٹر گلوب ایوی ایشن اور جیو فائنانشل کے شیئر 2.30 فیصد سے لے کر 1.43 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے ہوئے نظر آرہے تھے۔
ابھی تک کے کاروبار میں شیئر بازار میں 2,767 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہو رہی تھی۔ ان میں سے 1,060 شیئر منافع کما کر سبز نشان میں کاروبار کر رہے تھے، جبکہ 1,707 شیئر نقصان اٹھا کر سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے سات شیئر خریداری کی حمایت سے سبز نشان میں برقرار تھے۔ دوسری جانب 23 شیئر فروخت کے دباو میں سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل 50 شیئروں میں سے 18 شیئر سبز نشان میں اور 32 شیئر سرخ نشان میں کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
بی ایس ای کا سینسیکس آج 243.57 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 77,319.33 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار کی شروعات ہونے کے بعد خریداری کی حمایت سے پہلے 10 منٹ کے کاروبار میں ہی یہ انڈیکس اوپننگ لیول سے قریب 110 پوائنٹس بہتر ہوکر 77,429.33 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔ اس کے بعد بازار میں فروخت کا دباو بن گیا، جس کے سبب اس انڈیکس کی کمزوری دوبارہ بڑھنے لگی۔ بازار میں مسلسل جاری خرید و فروخت کے درمیان پہلے ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد صبح 10.15 بجے سینسیکس 705.41 پوائنٹس گر کر 76,857.49 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح این ایس ای کے نفٹی نے آج 88.30 پوائنٹس ٹوٹ کر 23,909.05 پوائنٹس کی سطح سے کاروبار کی شروعات کی۔ بازار کھلتے ہی خریداروں نے خریداری کا زور بنا کر اس انڈیکس کو 23,990.75 پوائنٹس کی سطح تک پہنچا دیا۔ اس کے بعد بازار پر فروخت کنندگان حاوی ہو گئے۔ فروخت کے دباو میں اس انڈیکس کی کمزوری دوبارہ بڑھنے لگی۔ بازار میں مسلسل جاری خرید و فروخت کے درمیان شروعاتی ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد صبح 10.15 بجے نفٹی 149.20 پوائنٹس لڑھک کر 23,848.15 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن