
علی گڑھ, 09 اپریل (ہ س)۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ پلاسٹک سرجری نے اتر پردیش اور اتراکھنڈ سوسائٹی آف پلاسٹک سرجنس کے زیر اہتمام 2 تا 5 اپریل، دہرہ دون میں منعقدہ کانفرنس سوپس کون 2026میں اپنی اثر انگیز موجودگی درج کرائی۔
شعبہ کے پروفیسر ایم فہد خرم نے بطور مدعو فیکلٹی کانفرنس میں شرکت کی، ایک سائنسی نشست کی صدارت کی اور مرحوم پروفیسر ایم ایچ خان کے نام سے منسوب باوقار اوریشن سیشن کا تعارف بھی پیش کیا۔
ایک اور قابلِ ذکر دستیابی یہ رہی کہ شعبے کے سابق طالب علم اور اس وقت کوکیلابین دھیرو بھائی امبانی اسپتال، ممبئی میں سینئر کنسلٹنٹ ڈاکٹر قاضی غزوان کو اس سال کے اوریشن ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔
شعبے کے ریزیڈنٹس کی فعال شرکت بھی قابل ذکر رہی۔ ڈاکٹر کرتی شیکھر کو پوسٹر زمرے میں بیسٹ پرزنٹر قرار دیا گیا، جبکہ ڈاکٹر فہد انصاری، ڈاکٹر سُربھی چاولہ اور ڈاکٹر کنن کوہلی نے بھی تحقیقی مقالے اور پوسٹرز پیش کیے۔ پروفیسر خرم کو سوسائٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ممبر بھی منتخب کیا گیا ہے، جو علاقائی سطح پر اس شعبے میں ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔
ایک دیگر اہم پیش رفت کے طور پر اس شعبے کو دسمبر 2028 میں سوپس کون 2028 کی میزبانی کے لیے منتخب کیا گیا، جو اے ایم یو کے لئے پلاسٹک سرجری کے میدان میں تعلیمی تبادلے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا ایک اہم موقع ثابت ہوگا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ