
جموں, 30 اپریل (ہ س)جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ڈاکٹر سشیل رازدان پر مبنی ہیلر اِن ایگزائل کی رسمِ اجرا انجام دی، جسے ڈاکٹر سشیل رازدان کے صاحبزادے سچن رازدان نے تحریر کیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ڈاکٹر سشیل رازدان بھارت کے ممتاز نیورولوجسٹ میں شمار ہوتے ہیں اور طبی میدان میں ان کی خدمات بے مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر رازدان کی زندگی کی کہانی دوسروں کی بے لوث خدمت کے عزم کا ایک اہم سبق دیتی ہے، جہاں انسان کو اپنی ذات سے بڑھ کر دوسروں کی ضروریات کو ترجیح دینی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک عظیم ڈاکٹر صرف علاج کی مہارت سے نہیں بلکہ مریضوں کے ساتھ ہمدردی اور خلوص سے پہچانا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ مصنوعی ذہانت صحت کے شعبے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، لیکن یہ انسانی خدمت اور جذبۂ ہمدردی کا نعم البدل نہیں بن سکتی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ڈاکٹر سشیل رازدان نے اپنے وطن سے بے دخلی کا درد بھی برداشت کیا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر کشمیری پنڈتوں کی طرح انہوں نے بھی اپنے گھر بار چھوڑنے کا کرب جھیلا، تاہم وہ اپنی روایات، اقدار اور خدمت کے جذبے کو برقرار رکھنے میں ثابت قدم رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر سشیل رزدان نے اپنی انتھک محنت اور لگن سے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں متاثر کیں اور مریضوں کو صحت یاب بنا کر انہیں اپنے خاندانوں اور قوم کی خدمت کے قابل بنایا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر