
کولکاتا، 30 اپریل (ہ س)۔ بدھ کے بعد جمعرات کو بھی بنگال مطلع ابر آلود رہا۔ کولکاتا اور آس پاس کے اضلاع میںدرمیان میں دھوپ نکلنے کے باوجود لوگوں کو گرمی اور حبس سے کچھ راحت ملی۔ پیشی گوئی کے مطابق، کولکاتا سمیت کئی اضلاع میں چھٹپٹبارش ہوئی۔ بدھ کی رات جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے کچھ حصوں میں شدید بارش درج کی گئی۔
بارش سے درجہ حرارت میں اچانک کمی آگئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ جمعرات کی صبح کولکاتا کا کم سے کم درجہ حرارت 20.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 5.8 ڈگری کم ہے۔ کولکاتا میں بیساکھ کے مہینے میں بھی ریکارڈ بارش درج کی گئی ہے۔ بدھ کی شام سے آدھی رات تک شہر میں 54 ملی میٹر بارش ہوئی۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے علی پورمرکز نے بتایا کہ جنوبی بنگال کے مختلف اضلاع میں اگلے چند دنوں تک بارش جاری رہنے کا امکان ہے، حالانکہ تمام اضلاع میںیکساں طور پر بارش نہیں ہوگی۔ جنوبی 24 پرگنہ اور مغربی میدینی پور میں کہیں کہیں شدید بارش ہونے کے امکانات ہیں۔ اس کے ساتھ ہی تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، شمالی 24 پرگنہ، مشرقی اور مغربی بردھمان، بیر بھوم، مرشد آباد اور نادیہ اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ جنوبی بنگال کے تمام اضلاع میں اگلے منگل تک کالبیساکھی طوفان کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی شمالی بنگال کے آٹھ اضلاع بشمول دارجیلنگ، جلپائی گوڑی، کلمپونگ اور علی پور دوار میں منگل تک بارش کا امکان ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد