
جموں, 30 اپریل (ہ س)جموں و کشمیر کے محکمہ خزانہ نے اضافی پنشن اور خاندانی پنشن کی ادائیگی کے حوالے سے اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی پنشنر بیک وقت سروس پنشن اور خاندانی پنشن حاصل کر رہا ہو تو اضافی پنشن ایک سے زائد پنشن پر نہیں دی جائے گی۔محکمہ کے مطابق عمر کی بنیاد پر ملنے والا اضافی کوانٹم مکمل طور پر پنشنر کی ذات سے منسلک ہوتا ہے، اس لیے یہ سہولت صرف ایک ہی پنشن پر لاگو ہوگی۔ وضاحت میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی سرکاری پنشنر اپنے شریکِ حیات کی خاندانی پنشن بھی وصول کر رہا ہو تو اضافی پنشن صرف دونوں میں سے زیادہ رقم والی پنشن پر ہی دی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر پنشن یا خاندانی پنشن سرکاری خود مختار اداروں، پبلک سیکٹر یونٹس، کارپوریشنز یا دیگر قانونی اداروں سے مل رہی ہو تو بھی یہی اصول لاگو ہوگا اور اضافی فائدہ صرف زیادہ پنشن پر دیا جائے گا۔
تاہم محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی فرد جموں و کشمیر حکومت کی پنشن کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت یا دفاعی پنشن بھی حاصل کر رہا ہو تو متعلقہ قوانین کے تحت دونوں پنشنز پر الگ الگ اضافی کوانٹم دیا جا سکتا ہے۔
محکمہ نے یہ بھی کہا کہ یہ حکم آئندہ کے لیے نافذ ہوگا اور پہلے سے جاری شدہ ادائیگیوں میں کسی قسم کی واپسی یا ایڈجسٹمنٹ نہیں کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر