
سرینگر، 30 اپریل (ہ س )۔ سائبر پولیس کشمیر نے التجا مفتی اور دیگر کے خلاف بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) کے تحت سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر علیحدگی پسندوں کی حمایت کرنے والے مواد اور مرحوم علیحدگی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی سے منسلک ہونے کے معاملے میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ التجا مفتی کی طرف سے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو جس میں سید علی شاہ گیلانی شامل ہیں حکام کے نوٹس میں آنے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایف آئی آر نمبر 11 بھارتیہ نیا سنہتا کی دفعہ 152 کے تحت علیحدگی پسند مواد پر درج کی گئی ہے، جو ہندوستان کی خودمختاری، اتحاد اور سالمیت کو خطرے میں ڈالنے والی کارروائیوں سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا، ایف آئی آر میں دیگر نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے جو مواد کو آن لائن شیئر کرنے یا اس کو بڑھانے میں ملوث ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سائبر پولیس کشمیر کی طرف سے ویڈیو کے ارادے اور وسیع تر پھیلاؤ کا پتہ لگانے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir