
ممبئی ، 30 اپریل (ہ س)۔ ممبئی مضافاتی ضلع میں آوارہ جانوروں کے لیے شیلٹر قائم کرنے کے مقصد سے مناسب زمین تلاش کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ ممبئی مضافاتی ضلع جانوروں پر ظلم کی روک تھام کمیٹی کی سہ ماہی جائزہ میٹنگ میں لیا گیا، جس کی صدارت ایڈیشنل کلکٹر (جنرل ایڈمنسٹریشن) اور کمیٹی کے چیئرمین سبھاش کاکڑے نے واندرے میں واقع ضلع کلکٹر دفتر میں کی۔اجلاس میں متعلقہ تمام محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ مشترکہ طور پر ممکنہ زمین کا معائنہ کریں اور ایک جامع رپورٹ ترجیحی بنیاد پر پیش کریں تاکہ آوارہ جانوروں کے لیے شیلٹر کی تعمیر جلد ممکن ہو سکے۔اجلاس کے آغاز میں پچھلی میٹنگ کی کارروائی کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا، جس کے بعد آوارہ جانوروں کے لیے شیلٹر کے قیام کے لیے زمین کے تعین کے موضوع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق اس مقصد کے لیے پہلے ہی ایک رہنما کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے۔اجلاس میں مالاڈ کے مالوانی علاقے میں دستیاب زمین کی تفصیلات پیش کی گئیں، جبکہ چمبور (مشرقی) اور ملنڈ (مشرقی) میں متبادل مقامات کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ اس پس منظر میں چیئرمین سبھاش کاکڑے نے ہدایت دی کہ بوریولی کے تحصیلدار کے ساتھ تال میل قائم کرتے ہوئے ممبئی مضافاتی ضلع میں موزوں کھلی زمین کی تلاش تیز کی جائے اور مشترکہ معائنہ کر کے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔اجلاس میں بقرعید کے پیش نظر جانوروں کی محفوظ نقل و حمل، مذبح خانوں کی قانونی حیثیت اور جانوروں کے طبی معائنے کو سختی سے یقینی بنانے کی بھی ہدایات دی گئیں۔ اس کے علاوہ جانوروں کی بہبود سے متعلق دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس میٹنگ میں محکمہ مویشی پروری کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وجے توکارام ساونت، دیونار مذبح خانے کے جنرل منیجر ڈاکٹر کلیم پاشا پٹھان، سینئر ویٹرنری افسر ڈاکٹر وائی ڈی آگرکر، لائیوسٹاک ڈیولپمنٹ افسر ڈاکٹر پرساد گھولپ، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر دامنی کھوسکر، جونیئر ویٹرنری افسر ڈاکٹر گنیش تھورات، پولیس انسپکٹر وتھل آردیکر، ممبئی (مشرقی) ریجنل ٹرانسپورٹ آفس کے موٹر وہیکل انسپکٹر اروند توڈکری اور بوریولی ریجنل ٹرانسپورٹ آفس کے موٹر وہیکل انسپکٹر سمادھان مہانکر سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے