
ارریہ، 30 اپریل (ہ س)۔ ضلع کے بوسی تھانہ علاقہ کے نندن پور پنچایت کے وارڈ نمبر9میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ جہاں ایک حاملہ خاتون کا گلادبا کر قتل کر دیا گیا۔ مقتولہ کی شناخت نندن پور پنچایت کے سرورعالم کی اہلیہ روبیسا خاتون (24 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔
واقعہ پیر کے رات کا بتایا جا رہا ہے ۔ لواحقین کے مطابق والد ہاشم نے بتایا کہ وہ باہر رہتے ہیں اور منگل کے روز صبح 9بجے سیمانچل ٹرین سے ارریہ پہنچے۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی بیٹی کو فون کیا ، لیکن موبائل لگاتار مصروف بتا رہا تھا۔
رات گیارہ بجے دوبارہ فون کیا گیا تو وہ بند ہوگیا۔دیر رات تک کئی بار فون کیا مگر بند ہی ملا۔ جس سے کسی ناخوشگوار واقعے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
اسی دوران بیٹی کے سسرال کے گاؤں سے اطلاع ملی کہ ان کی بیٹی کو قتل کر کے مکئی کے کھیت میں پھینک دیا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی اہل خانہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور روبیسا خاتون کو بے ہوشی کی حالت میں پایا۔ اسے علاج کے لیے ارریہ لے جایا گیا لیکن راستے میں ہی اس کی موت ہوگئی۔
مقتولہ کے والد نے سنگین الزا م لگاتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی کو اس کی سوتن گھاس کاٹنے کے بہانے کھیت میں لے گئی۔ وہاں پہلے سے گھات لگائے بدمعاشوں نے گلا دبا کر قتل کر دیا ۔ انہوں نے اس پورے واقعہ کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بوسی تھانہ پولیس پہنچی اور معاملے کی تفتیش شروع کردی۔ ایف ایس ایل (فارنزک سائنس لیبارٹری) کی ٹیم کو بھی جائے وقوعہ پر بلایا گیا جس نے ضروری شواہد اکٹھے کئے۔
پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ بوسی تھانہ انچارج کندن کمار نے بتایا کہ معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات کی جارہی ہے۔ تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے جلد بدمعاشوں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan