ٹھاکرے گروپ نے امباداس دانوے کو بنایا کونسل امیدوار ، ادھو ٹھاکرے کے نام پر جاری قیاس آرائیاں ختم
ممبئی ، 29 اپریل (ہ س)۔ مہاراشٹر میں ہونے والے قانون ساز کونسل کے انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان شروع ہو گیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے چھ امیدواروں کے اعلان کے بعد اب ٹھاکرے کی شیو سینا نے بھی مہا وکاس اگھاڑی کے امیدوار کے ط
Politics MLC Thackeray Group


ممبئی ، 29 اپریل (ہ س)۔ مہاراشٹر میں ہونے والے قانون ساز کونسل کے انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان شروع ہو گیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے چھ امیدواروں کے اعلان کے بعد اب ٹھاکرے کی شیو سینا نے بھی مہا وکاس اگھاڑی کے امیدوار کے طور پر امباداس دانوے کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔ اس بات کی تصدیق شیو سینا کے رہنما آدتیہ ٹھاکرے نے کی۔

گزشتہ کئی دنوں سے ادھو ٹھاکرے کے نام کو لے کر قیاس آرائیاں جاری تھیں اور کانگریس و نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی جانب سے بھی انہیں میدان میں اتارنے کی درخواست کی جا رہی تھی، تاہم اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ امباداس دانوے ہی ٹھاکرے گروپ کی جانب سے کونسل کے لیے امیدوار ہوں گے۔ اسی دوران کانگریس کے ریاستی صدر نے بھی اشارہ دیا ہے کہ پارٹی اپنی طرف سے امیدوار میدان میں اتار سکتی ہے۔

ریاست میں قانون ساز کونسل کی 10 نشستوں کے لیے 12 مئی 2026 کو ووٹنگ ہوگی، جو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ اسی دن نتائج کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

اسمبلی میں عددی طاقت کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کو 6، شیو سینا کو 2، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کو 1 اور مہا وکاس اگھاڑی کو 1 نشست حاصل ہونے کا امکان ہے۔ ایک امیدوار کی کامیابی کے لیے 28 ووٹوں کا کوٹہ درکار ہوگا۔

مہایوتی اتحاد میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے 131، ایکناتھ شیندے کی شیو سینا کے 57 اور اجیت پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے 40 ارکان اسمبلی شامل ہیں، جس کی بنیاد پر اتحاد کے 9 امیدواروں کی کامیابی یقینی مانی جا رہی ہے۔ دوسری جانب مہا وکاس اگھاڑی کے پاس مجموعی طور پر 46 ارکان ہیں، جس کے باعث ان کا صرف ایک امیدوار ہی آسانی سے کامیاب ہو سکتا ہے۔

دریں اثنا بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی اپنے 6 امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے، جن میں سنیل کرجتکر، مادھوی نائک، سنجے بھیندے، وویک کولہے، پرمود جٹھار اور پرگیا ساونت شامل ہیں۔

انتخابی شیڈول کے مطابق نوٹیفکیشن 23 اپریل 2026 کو جاری کیا گیا، نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 30 اپریل 2026 مقرر ہے، جانچ پڑتال 2 مئی 2026 کو ہوگی، جبکہ نام واپس لینے کی آخری تاریخ 4 مئی 2026 ہے۔ ووٹنگ 12 مئی 2026 کو ہوگی اور اسی روز شام 5 بجے ووٹوں کی گنتی کی جائے گی، جبکہ پوری انتخابی کارروائی 13 مئی 2026 تک مکمل کی جائے گی۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande