
راجوری میں حکام نے ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے پر چار اساتذہ کو معطل کیا
جموں، 29 اپریل (ہ س)۔ ضلع راجوری میں محکمہ تعلیم نے مڈل اسکول نمبلان کے چار اساتذہ کو ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے جانے پر فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ یہ کارروائی چیف ایجوکیشن آفیسر کے دفتر کی جانب سے اچانک معائنہ کے بعد عمل میں لائی گئی۔ سرکاری حکم نامے کے مطابق اسکول میں تعینات پانچ اساتذہ میں سے صرف ایک استاد، عبدالشکور، معائنہ کے وقت موجود پایا گیا جبکہ دیگر چار اساتذہ بغیر منظور شدہ چھٹی کے غیر حاضر تھے۔ معطل کیے گئے اساتذہ میں ایاز احمد، محمد جہانگیر، وکرم بالی اور مشتاق احمد شامل ہیں۔
حکام کے مطابق معائنہ کے دوران اسکول کی تعلیمی اور انتظامی کارکردگی بھی انتہائی کمزور پائی گئی۔ 123 طلبہ کے اندراج کے باوجود صرف 28 طلبہ اسکول میں موجود تھے، جس پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ محکمہ تعلیم نے اس غیر ذمہ دارانہ رویے کو سنگین بدانتظامی، غفلت اور فرائض میں کوتاہی قرار دیتے ہوئے چاروں اساتذہ کو فوری اثر سے معطل کر دیا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ معطلی کے دوران اساتذہ کو قواعد کے مطابق گزارہ الاؤنس دیا جائے گا۔ معطلی کے دوران ایک استاد کو دوسرے اسکول میں منسلک کیا گیا ہے جبکہ باقی اساتذہ کو متبادل انتظام ہونے تک اسی اسکول سے وابستہ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر