اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے انتخابات پر تنازعہ برقرار، اب سلامت اللہ جنرل سکریٹری منتخب
اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے انتخابات پر تنازعہ برقرار، اب سلامت اللہ جنرل سکریٹری منتخب علی گڑھ، 29 اپریل (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے انتخابات کو لیکر تنازعہ برقرار ہے۔ جہاں پہلے ایسوسی ایشن کے ذریعہ کرائے گئے ا
اولڈ بوائز


اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے انتخابات پر تنازعہ برقرار، اب سلامت اللہ جنرل سکریٹری منتخب

علی گڑھ، 29 اپریل (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے انتخابات کو لیکر تنازعہ برقرار ہے۔ جہاں پہلے ایسوسی ایشن کے ذریعہ کرائے گئے الیکشن میں ڈاکٹر اعظم میر خاں اور انکی ٹیم بلا مقابلہ منتخب ہوئی تھی، وہیں اب آگرہ سوسائٹی ڈپٹی رجسٹرار کی نگرانی میں ہوئے انتخاب میں معروف سماجی کارکن سلامت اللہ کو اعزازی جنرل سکریٹری، سید ندیم احمد کو اعزازی جوائنٹ سکریٹری (علی گڑھ)، نور محمد کو اعزازی جوائنٹ سکریٹری (اتر پردیش) اور کفایت اللہ کو اعزازی جوائنٹ سکریٹری (اتر پردیش کے باہر) کے طور پر بلا مقابلہ منتخب قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ ایگزکیٹو علی گڑھ کے 12 اراکین اور ایگزکیٹو علی گڑھ کے باہر کے 8 اراکین کے نام بھی جاری فہرست میں شامل ہیں۔

مذکورہ انتخابات کے سلسلے میں فرم، سوسائٹیز اینڈ چٹس آگرہ کے الیکشن آفیسر/ڈپٹی رجسٹرار کی جانب سے انتخابی نتائج کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ اعلان کے مطابق پہلے سے طے شدہ پروگرام کے تحت انتخابی عمل مکمل کیا گیا، جس میں 77 اراکین نے نامزدگی فارم حاصل کیے اور 59 امیدواروں نے اپنے کاغذات جمع کرائے۔ جانچ کے بعد 29 عہدوں کے مقابلے میں 26 نامزدگیاں درست پائی گئیں۔ چونکہ بیشتر عہدوں پر صرف ایک ہی درست امیدوار سامنے آیا، اس لیے ووٹنگ کی ضرورت پیش نہیں آئی اور تمام امیدواروں کو بلا مقابلہ منتخب قرار دے دیا گیا۔ الیکشن آفیسر کے مطابق پوری کارروائی شفافیت اور قواعد و ضوابط کے تحت انجام دی گئی ہے۔

غورطلب ہے کہ مذکورہ الیکشن کے نتائج کی نقل کمشنر، وائس چانسلر اے ایم یو، ضلع مجسٹریٹ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی ہے۔ جب نومنتخب جنرل سکریٹری سلامت اللہ سے بات کی گئی تو انھوں نے کہا کہ پوری ٹیم کے مشوروں سے ادارہ کی ترقی کے لئے کام کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ سابقہ لوگوں کی طرح نہیں جہاں صرف سیکریٹری کا حکم چلتا ہو، یہ ادارہ طلبا قدیم کا ادارہ ہے، علی گڑھ کب آئیں گے؟ اس سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ جب پوری ٹیم بلائے گی، میں حاضر ہوجاؤں گا۔

یاد رہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پروکٹر پروفیسر محمد نوید خاں نے بطور الیکشن آفیسر اے ایم یو اولڈبوائز ایسوسی ایشن کے انتخابات گذشتہ دنوں اعلان کیا تھا جس میں سابق سیکریٹری ڈاکٹر اعظم میر خان اور انکی ٹیم کو بلا مقابلہ منتخب قرار دیا تھا تب ہی سے اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن دو حصوں میں تقسیم نظر آرہی ہے اور ادارہ کی کمان سنبھالنے کے لئے دونوں ہی گروپ اپنی اپنی کوشش کررہے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande