ادھمپور میں بس حادثے کا شکار، 12 مسافر جاں بحق
ادھمپور میں بس حادثے کا شکار، 12 مسافر جاں بحق جموں، 20 اپریل (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں پیر کے روز ایک دل دہلا دینے والے سڑک حادثے میں کم از کم 12 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے، جس کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔ ذرائع کے
Accident


ادھمپور میں بس حادثے کا شکار، 12 مسافر جاں بحق

جموں، 20 اپریل (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں پیر کے روز ایک دل دہلا دینے والے سڑک حادثے میں کم از کم 12 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے، جس کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔ ذرائع کے مطابق ایک مسافر بس رام نگر سے ادھم پور کی جانب رواں دواں تھی کہ جالو کے قریب اچانک حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کی نوعیت اور وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔

پولیس کے ایک سینئر افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں 12 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں جبکہ کئی مسافر زخمی ہیں، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ڈی آئی جی ادھم پور رینج شیو کمار شرما موقع پر پہنچ کر ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ انتظامیہ نے بھی صورتحال پر قریبی نظر رکھی ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande