

اپڈیٹ ۔۔۔ادھمپور بس حادثے میں 15 مسافر جاں بحق، 20 زخمی
جموں، 20 اپریل (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں پیر کے روز ایک ہولناک سڑک حادثے میں کم از کم 15 افراد جاں بحق جبکہ 20 دیگر زخمی ہو گئے، جن میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق یہ حادثہ صبح تقریباً 10 بجے اُس وقت پیش آیا جب ایک مسافر بس رام نگر کے کاگورٹ گاؤں کے قریب ایک خطرناک تیکھے موڑ پر توازن کھو بیٹھی اور گہری کھائی میں جا گری۔ بس ایک دور افتادہ گاؤں سے ادھم پور کی جانب جا رہی تھی۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو نکالنے کا عمل شروع کیا۔ بعد ازاں پولیس، ریسکیو ٹیموں اور دیگر ایمرجنسی سروسز نے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی شروع کی اور متاثرین کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔ حکام نے بتایا کہ بس کے ملبے سے 15 لاشیں نکالی گئیں جبکہ 20 زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ادھم پور منگا شیرپا سے بات کی اور ریسکیو و ریلیف اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے ایئر لفٹ کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطہ قائم ہے اور ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ مقامی رضاکار اور بی جے پی کارکن بھی امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ انتظامیہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کے بہتر علاج اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر