
جبراً شادی سے ناراض نوجوان نے بوا کا قتل کیا، 7 دیگر کو لہولہان کیا
سیوان، 20 اپریل (ہ س)۔ سیوان ضلع کے جی بی نگر تھانہ علاقے کے تحت اولی پور گاؤں میں اتوار کی رات زبردستی شادی کی کوشش نے خوفناک رخ اختیار کر لیا۔ شادی سے ناراض نوجوان نے اپنی بوا (پھوپھی) پر تیز دھار اسلحہ سے حملہ کر کے اسے قتل کر دیا جبکہ خاندان کے 7 افراد کو شدید زخمی کر دیا۔ نوجوان نے واقعے کے بعد خود کو بھی زخمی کر لیا۔
متوفی خاتون کی شناخت پھول متی دیوی شوہر اجے سنگھ جامو بازار تھانہ علاقہ کے تحت وشن پورہ گاؤں کے طورپر ہوئی ہے۔ اس حملے میں سکندر کمار، ابھیشیک کمار، ناگیندر سنگھ، انجلی کماری، سندھیا کماری، دیپک کمار، یوگیندر شرما اور شوبھا دیوی شدید زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ملزم دیپک کمار ریاست سے باہر کام کرتا تھا اور اسے وہاں کی ایک لڑکی سے محبت ہو گئی تھی۔ گھر والوں نے اس کی مرضی کے خلاف اس کی شادی گاؤں میں طے کی اور اسے کسی بہانے گھر بلایا۔ گاؤں پہنچ کر دیپک کو جب منگل کے روزہونے والی شادی اور تلک تقریب کا علم ہوا تو وہ ناراض ہو گیا۔
اسی غصے میں اس نے رات گھر والوں پر حملہ کرتے ہوئے یہ بھیانک قدم اٹھایا۔ واقعہ سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور پورے واقعہ کے بارے میں پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan