
بہار کے مظفر پور میں بارات میں ٹرالی ہٹانے پر ہوئے تنازعہ میں نوجوان کا پیٹ پیٹ کر قتل
مظفر پور، 20 اپریل (ہ س)۔ بہار کے مظفر پور ضلع سے ایک سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں شادی کے گھر پر کہرام مچ گیا۔ مینا پور تھانہ علاقے کے مانک پور گاؤں میں شادی تقریب کے دوران معمولی تنازعہ اس حد تک بڑھ گیا کہ ایک 27 سالہ نوجوان کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد پورے علاقے میں کشیدگی ہے۔
پولیس کے مطابق مانک پور گاؤں کے رہنے والے جگیشور سہنی کی بیٹی کی شادی گذشتہ رات تھی۔ بارات پپرا تھانہ علاقہ کے منوج سہنی کے گھر سے آئی تھی اور سڑک پر موجود ٹرالی کی وجہ سے راستہ بند ہو گیا تھا۔ اسے لیکر راہل نے وہاں موجود لوگوں کو ٹرالی سائڈ کرنے کو کہا۔ عینی شاہدین کے مطابق اس کی وجہ سے راہل اور بارات کے کچھ ارکان کے درمیان بحث اور جھگڑا ہو گیا۔ حالانکہ ٹرالی کو ہٹا دیا گیا اور راہل نے اپنے ٹریکٹر کو محفوظ مقام پر کھڑا کر دیا۔
چونکہ یہ واقعہ گاؤں کا تھا، راہل نے تنازعہ کو ایک طرف رکھ دیا اور بارات کے استقبال کی تقریب (دروازہ لگانا) کو دیکھنے کے لیے رک گیا، لیکن دوسرے فریق کے لوگوں کے رنجش تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ جب راہل’ دروازہ لگانا ‘ تقریب کے بعد گھر واپس آرہا تھا تو بارات میں شامل کچھ سماج دشمن عناصر نے اسے سڑک سے اغوا کر لیا۔
خاندان والوں نے بتایا کہ جب راہل کافی دیر تک گھر نہیں لوٹا تو تلاش شروع کی گئی، لیکن رات بھر وہ کہیں نہیں ملا۔ صبح گاؤں والوں نے گاؤں کے باہر ایک سنسان علاقے میں راہل کی لہو لہان لاش دیکھی۔ نوجوان کے سر سے پاؤں تک گہرے زخم تھے، جو اس وحشیانہ مار پیٹ کی تصدیق کرتے ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سینکڑوں لوگ جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے۔ مینا پور تھانہ کی پولیس موقع پر پہنچی اور کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
معاملے کے بارے میں ڈی ایس پی ایسٹ آلے وتس نے بتایا، مینا پور تھانہ علاقے میں ایک نوجوان کے قتل کی رپورٹ موصول ہوئی، پولیس کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔ ابتدائی تحقیقات میں جھگڑے کی وجہ بارات کی ٹرالی کو ہٹانے کا انکشاف ہوا۔ پولیس بدمعاشوں کی شناخت کر رہی ہے اور جلد ہی انہیں گرفتار کر لے گی۔ فی الحال صورتحال پر قابو پانے کے لیے گاؤں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ پولیس مشتبہ افراد اور مقامی باشندوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے ۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan