
جونپور، 20 اپریل (ہ س)۔ اتر پردیش کے جونپور کے کھٹہن تھانہ علاقے میں اتوار کی دیر رات پولیس اور گائے کے اسمگلروں کے درمیان تصادم ہوا۔ اس دوران پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی ہوگیا۔ اسے گرفتار کر کے اسپتال داخل کرا دیا گیا ہے جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے۔ یہ واقعہ رات تقریباً 12 بجے رسول پور گاؤ¿ں میں رام آدھار انٹر کالج کے قریب جنگلاتی علاقے میں پیش آیا۔
پیر کو اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے سرکل آفیسر شاہ گنج گریندر کمار سنگھ نے بتایا کہ کھٹہن پولیس ٹیم چوراہے پر سخت چیکنگ کر رہی تھی، جب وائرلیس سیٹ اور فون کے ذریعے اطلاع ملی کہ کچھ گائے کے اسمگلر جنگل میں موجود ہیں اور آوارہ مویشیوں کو پکڑ کر ذبح کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اطلاع ملنے پر تھانہ کھٹہن کے سربراہ پولیس ٹیم کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور سیوائی نالے کے قریب گھیرا بندی کر لی۔ پولیس کو دیکھ کر بدمعاشوں نے قتل کی نیت سے فائرنگ کر دی۔ پولیس نے انہیں ہتھیار ڈالنے کی تنبیہ کی لیکن شرپسندوں نے پھر گولی چلائی جس میں سے ایک گولی اسٹیشن چیف کے پاس سے گزری۔
اپنے دفاع میں، پولیس نے جوابی فائرنگ کی، جس میں کھٹہن کے رہائشی حسنین (34) کی ٹانگ میں گولی لگی۔ اسے گرفتار کر کے علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا۔ جائے وقوعہ سے ایک دیسی ساختہ پستول، کارتوس، ایک چاقو، ایک رسی اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
فرار ملزمان کی شناخت اقبال اور عاشق کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی کی جارہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد