
جموں, 02 اپریل (ہ س)جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف ’زیرو ٹالرنس‘ پالیسی اپنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ناسور کے خاتمے کے لیے سخت اور مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔
وہ لوک بھون جموں میں سول اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ہدایت دی کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید مستحکم کیا جائے، جبکہ عوامی بیداری مہم کے ذریعے نوجوانوں کو اس لعنت سے دور رکھا جائے۔ انہوں نے علاج، کونسلنگ اور بازآبادکاری کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے اور اس کے لیے اجتماعی سطح پر مؤثر حکمت عملی اپنانی ہوگی تاکہ نوجوان نسل کو محفوظ بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید ہدایت دی کہ نچلی سطح پر انٹیلی جنس نظام کو مضبوط بنایا جائے اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت اور مربوط کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اجلاس میں نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت تین ماہ کی خصوصی مہم پر بھی غور کیا گیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ اس مہم کی قیادت خود کریں اور اسے عوامی تحریک کی شکل دیں تاکہ معاشرے کے ہر طبقے کی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس میں چیف سکریٹری اٹل ڈلو، ڈی جی پی نلین پربھات اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر