آبنائے ہرمز کھلوانے کیلئے برطانیہ کی 35 ممالک کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تیاری
لندن ،02اپریل (ہ س )۔ برطانیہ کے وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد پیدا ہونے والے عالمی توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے 35 ممالک کا اہم اجلاس طلب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اس اہم بحری راستے کو دوبار
آبنائے ہرمز کھلوانے کیلئے برطانیہ کی 35 ممالک کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تیاری


لندن ،02اپریل (ہ س )۔

برطانیہ کے وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد پیدا ہونے والے عالمی توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے 35 ممالک کا اہم اجلاس طلب کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اس اہم بحری راستے کو دوبارہ کھولنا آسان نہیں ہوگا۔کیئر اسٹارمر کے مطابق برطانوی وزیرِ خارجہ ایویٹ کوپر آج ایک ورچوئل اجلاس کی میزبانی کریں گی جس میں مختلف ممالک جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت بحال کرنے کے لیے سفارتی اور سیاسی اقدامات پر غور کریں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اجلاس میں پھنسے ہوئے جہازوں اور ان میں موجود عملے کی حفاظت یقینی بنانے اور تیل و گیس سمیت ضروری اشیاء کی ترسیل دوبارہ شروع کرنے کے طریقوں پر بات کی جائے گی

برطانوی وزیرِ اعظم نے بتایا کہ اجلاس کے بعد فوجی ماہرین بھی سیکیورٹی اور بحری راستے کو محفوظ بنانے کے منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔

کیئر اسٹارمر نے اپنے حالیہ بیان میں واضح کیا ہے کہ موجودہ کشیدہ صورتِ حال میں سفارتی کوششیں ضروری ہیں تاہم آبنائے ہرمز کی بحالی ایک مشکل اور پیچیدہ عمل ہو گا۔واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف کارروائیوں اور ایران کے جوابی حملوں کے باعث آبنائے ہرمز عملی طور پر بند ہو چکی ہے۔یہ عالمی توانائی سپلائی کا اہم ترین راستہ ہے جہاں سے دنیا کا تقریباً 20 فیصد تیل اور مائع قدرتی گیس گزرتی ہے۔

بحری راستے کی بندش کے بعد عالمی توانائی کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جبکہ کئی ممالک نے بحران کم کرنے کے لیے اپنے اسٹریٹجک تیل اور گیس ذخائر استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے عملی اقدام کریں۔انہوں نے کہا ہے کہ متاثرہ ممالک یا تو امریکہ سے ایندھن خریدیں یا خود کارروائی کر کے راستہ کھلوا لیں۔

ہندستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande