
گرمیوں کی تعطیلات میں خصوصی ٹرینوں کا اعلان
۔ بھوساول سمیت شمالی مہاراشٹر کے مسافروں کو راحت
ممبئی ، 18 اپریل (ہ س)۔ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران ریلوے میں بڑھتی ہوئی مسافروں کی غیر معمولی بھیڑ کو مدنظر رکھتے ہوئے وسطی ریلوے نے مسافروں کو بڑی راحت فراہم کرتے ہوئے لوکمانیہ تلک ٹرمینس سے ہٹیا اور لوکمانیہ تلک ٹرمینس سے سنتراغاچی کے درمیان خصوصی ہفتہ وار ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام سے بھوساول سمیت شمالی مہاراشٹر کے مسافروں کو نمایاں فائدہ ہوگا۔
لوکمانیہ تلک ٹرمینس سے ہٹیا کے درمیان ہفتہ وار خصوصی ٹرینوں کی کل 18 پھیرے چلائی جائیں گی۔ ٹرین نمبر 08610 22 اپریل سے 17 جون تک ہر بدھ کی صبح 5 بجے روانہ ہوگی اور اگلے دن شام 6 بجے ہٹیا پہنچے گی۔ اسی طرح واپسی کی ٹرین نمبر 08609 20 اپریل سے 15 جون تک ہر پیر کو دوپہر 4 بج کر 20 منٹ پر ہٹیا سے روانہ ہوکر تیسرے دن رات 12 بج کر 40 منٹ پر لوکمانیہ تلک ٹرمینس پہنچے گی۔ یہ ٹرین ناسک روڈ، منماڈ، چالیسگاؤں، پاچورا، بھوساول، ملکاپور، شیگاؤں، اکولا اور بدنیرا اسٹیشنوں پر رکے گی۔
اسی طرح لوکمانیہ تلک ٹرمینس سے سنتراغاچی کے درمیان ہفتہ وار خصوصی ٹرینوں کی کل 26 پھیرے چلائی جائیں گی۔ ٹرین نمبر 01001 21 اپریل سے 14 جولائی تک ہر منگل کی رات 8 بج کر 15 منٹ پر روانہ ہوگی اور تیسرے دن صبح 5 بجے سنتراغاچی پہنچے گی۔ جبکہ ٹرین نمبر 01002 23 اپریل سے 16 جولائی تک ہر جمعرات کو دوپہر 3 بج کر 50 منٹ پر سنتراغاچی سے روانہ ہوکر اگلے دن رات 11 بج کر 45 منٹ پر لوکمانیہ تلک ٹرمینس پہنچے گی۔ اس روٹ پر یہ ٹرین ناسک روڈ، بھوساول، اکولا اور بدنیرا اسٹیشنوں پر رکے گی۔
ریلوے کے اس فیصلے سے تعطیلات کے دوران بڑھتی ہوئی بھیڑ کے سبب مسافروں کو ہونے والی دشواریوں میں نمایاں کمی آئے گی اور سفر مزید سہل ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے