
حیدرآباد، 18 اپریل (ہ س)۔ تلنگانہ کے تمام طبقات کی سماجی ، معاشی ، تعلیمی ، روزگاراوردیگر شعبہ جات میں ترقی سے متعلق جامع سروے کی تکمیل پرماہرین کی کمیٹی کے صدرنشین جسٹس سدرشن ریڈی اور نائب صدرنشین پروفیسر کانچہ ایلیا کو مبارکباد پیش کی گئی۔ صدرپردیش کانگریس مہیش کمارگوڑنے اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن اور وزیرٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کے ہمراہ جسٹس سدرشن ریڈی اورپروفیسر کانچہ ایلیا کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ ماہرین کی کمیٹی کی جانب سے تیارکردہ سروے رپورٹ حکومت نے جاری کردی ہے جس کے تحت مختلف طبقات کی پسماندگی کا احاطہ کیا گیا ہے۔ میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ نے جسٹس سدرشن ریڈی اور پروفیسر کانچہ ایلیا سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کی ترقی اور معاشی و سماجی عدم توازن کے خاتمہ کیلئے کمیٹی نے جو سفارشات پیش کی ہے ، ان پر حکومت عمل کرے گی۔ قائدین نے کہا کہ انتہائی شفافیت اورسائنٹفک انداز میں سروے کے ذریعہ تمام طبقات کی حقیقت حال کو پیش کیا گیا ہے۔ جسٹس سدرشن ریڈی نے سماجی انصاف کے لئے کانگریس پارٹی اور حکومت کی مساعی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی کمیٹی نے تمام طبقات اور ذیلی طبقات کے معاشی اور سماجی موقف کا جائزہ لیا ہے جس کے تحت حکومت کو ترقی کے اقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق