
میہر، 18 اپریل (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے میہر کے کوتوالی تھانہ علاقہ میں واقع پٹیہرا تالاب میں ہفتہ کی صبح دردناک حادثہ پیش آیا۔ یہاں تالاب میں نہانے گئیں چار لڑکیاں اچانک گہرے پانی میں ڈوب گئیں۔ اس واقعہ میں دو کی موت ہو گئی، جبکہ دو کو گاوں والوں نے وقت رہتے بچا لیا۔
اطلاع کے مطابق، پٹیہرا بیڑی کالونی کی ایک لڑکی اور تین نابالغ لڑکیاں ہفتہ کی صبح تالاب میں نہانے پہنچی تھیں۔ اسی دوران ایک لڑکی کا پیر پھسل گیا اور وہ گہرے پانی میں چلی گئی۔ اسے بچانے کی کوشش میں باقی تینوں بھی آگے بڑھیں، لیکن توازن بگڑنے سے چاروں ہی پانی میں ڈوبنے لگیں۔ موقع پر موجود لوگوں نے فوری طور پر بچاو کا کام شروع کیا اور دو لڑکیوں کو بحفاظت باہر نکال لیا، لیکن تب تک دو کی جان جا چکی تھی۔
واقعہ میں جان گنوانے والیوں کی شناخت پونم چودھری (10) دختر مکیش چودھری اور آنچل چودھری (20) دختر رام سجیون چودھری، ساکن بیڑی کالونی پٹیہرا کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں کی لاشوں کو باہر نکال کر سول اسپتال میہر بھیجا گیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد پورے علاقے میں سوگ اور سناٹا چھایا ہوا ہے۔ ایک چھوٹی سی چوک نے دو زندگیاں چھین لیں، جس سے ہر کوئی ششدر ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ڈی ایم دیویا پٹیل، تحصیلدار جتیندر پٹیل اور تھانہ انچارج مہیندر سنگھ چوہان موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے جانچ شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن