
ایم پی ای-سیوا سے ڈیجیٹل گورننس کو طاقتور بنیاد ملی : وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو
۔ 56 محکموں کی 1700 خدمات ایک ہی پورٹل پر دستیاب
۔ سروس ڈیلیوری کا نظام مزید جوابدہ اور منظم ہوا
بھوپال، 18 اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ ’ایم پی ای-سیوا پورٹل اور موبائل ایپ‘ کے ذریعے ریاست میں ڈیجیٹل گورننس کو ایک طاقتور بنیاد ملی ہے۔ اس سے شہریوں کے لیے خدمات اب مزید سادہ، آسان اور قابل رسائی ہو گئی ہیں۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی آج گڈ گورننس کا سنگ بنیاد بن چکی ہے اور ریاست اس سمت میں تیزی سے آگے بڑھتے ہوئے ملک میں نئی شناخت قائم کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ہفتہ کو جاری اپنے پیغام میں کہا کہ اب ریاست کے باشندوں کو مختلف محکموں کی خدمات کے لیے الگ الگ پلیٹ فارمز پر جانے کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ ایک ہی پلیٹ فارم پر تمام سہولیات سہل، فوری اور شفاف طریقے سے فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس قدم سے سروس ڈیلیوری کا نظام مزید جوابدہ اور منظم بنا ہے۔ ساتھ ہی شہریوں کے وقت اور وسائل کی بچت یقینی ہوئی ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ یہ مربوط شہری خدمات کا پلیٹ فارم 56 محکموں کی 1700 سے زائد سرکاری خدمات اور اسکیموں کو ایک ہی ڈیجیٹل ونڈو پر فراہم کر رہا ہے۔ سال 2026 تک 100 فیصد ای-سروس ڈیلیوری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جو ریاست کو ڈیجیٹل گورننس کے شعبے میں ملک کی صف اول کی ریاستوں میں قائم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کے محکمے کے تحت مدھیہ پردیش اسٹیٹ الیکٹرانکس ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ایم پی ایس ای ڈی سی) کے سینٹر فار ایکسی لینس کے ذریعے تیار کردہ یہ پلیٹ فارم شہریوں، محکموں اور خدمات کو مربوط ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں جوڑتے ہوئے گڈ گورننس کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
ایم پی ای-سیوا پورٹل پر مختلف محکموں کی 1700 خدمات کو یکجا کر کے شہریوں کے لیے بار بار الگ الگ پورٹل پر جانے اور دستاویزات جمع کرنے کی ضرورت ختم کر دی گئی ہے۔ شہری اب eseva.mp.gov.in اور موبائل ایپ کے ذریعے اہلیت کی جانچ، درخواست، اسٹیٹس ٹریکنگ اور منظوری جیسی تمام سہولیات ایک ہی جگہ پر حاصل کر سکتے ہیں۔ پورٹل پر آدھار پر مبنی تصدیق، ای-سائن اور ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ کے نظام سے پورا عمل پیپر لیس اور فیس لیس بنایا گیا ہے، جس سے شفافیت اور کارکردگی دونوں میں اضافہ ہوا ہے۔
’ایم پی ای-سیوا‘ کو سمگر سوشل سکیورٹی مشن کے سمگر پورٹل سے جوڑا گیا ہے۔ ہر خاندان کو 8 ہندسی فیملی آئی ڈی اور ہر رکن کو 9 ہندسی ممبر آئی ڈی دی گئی ہے۔ اس سے آٹو ویریفکیشن کے عمل کو فعال بنایا گیا ہے۔ اس سے اہلیت کا تعین خود بخود ہو جاتا ہے اور غیر ضروری تاخیر و تکرار ختم ہوتی ہے۔ پورٹل کی اہم خصوصیت ’آٹو فیچنگ ڈاکومنٹس‘ ہے، جس سے شہریوں کو بار بار دستاویزات اپ لوڈ کرنے کی ضرورت نہیں رہتی۔ ایک بار اپ لوڈ کی گئی دستاویزات اگلی خدمات میں خود بخود دستیاب ہو جاتی ہیں۔
ایم پی ای-سیوا پورٹل کو موبائل-فرسٹ نقطہ نظر کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ اس میں کثیر لسانی سہولت کے ساتھ معذور افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی ڈیزائن تیار کیا گیا ہے، تاکہ شہری اور دیہی دونوں علاقوں کے شہری آسانی سے اسے استعمال کر سکیں۔ پلیٹ فارم پر اب تک 2 لاکھ 14 ہزار سے زائد ٹرانزیکشنز درج کی جا چکی ہیں۔ ان میں 3 ہزار 446 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جبکہ 1 لاکھ 64 ہزار 600 سے زائد ٹریک/ڈاؤن لوڈ سرگرمیاں اور 45 ہزار 954 سمگر اہلیت کی جانچیں کی گئی ہیں۔
قومی ای-گورننس سروس ڈیلیوری اسیسمنٹ (این ای ایس ڈی اے) 2025 رپورٹ میں مدھیہ پردیش نے 1752 ای-خدمات کو میپ کر کے تمام 56 لازمی محکمانہ خدمات کو 100 فیصد مربوط کرتے ہوئے ملک میں دوسرا مقام حاصل کیا۔ ریاست کو ’سائبر تحصیل‘ کے لیے وزیر اعظم ایکسی لینس ایوارڈ اور ’سمپدا 2.0‘ کے لیے نیشنل ای-گورننس گولڈ میڈل بھی حاصل ہوئے ہیں، جو ڈیجیٹل گورننس کے شعبے میں ریاست کی کامیابیوں کو ظاہر کرتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن