
آسنسول، 18 اپریل (ہ س)۔ہمایوں کبیر کی نئی بننے والی سیاسی جماعت، عام جنتا اننان پارٹی (اے جے یو پی) کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ کلٹی اسمبلی حلقہ سے پارٹی کے امیدوار طاہر خان اپنے تقریباً 50 حامیوں کے ساتھ ترنمول کانگریس میں شامل ہو گئے ہیں۔ اس پیش رفت نے انتخابی ماحول میں ہلچل پیدا کر دی ہے اور اے جے یو پی کی حکمت عملی پر سوالات اٹھائے ہیں۔
طاہر خان ہفتہ کو آسنسول میں ایک تقریب میں سینئر ترنمول لیڈر اور آسنسول شمالی کے امیدوار مالے گھٹک کی موجودگی میں پارٹی میں شامل ہوئے۔ ان کے اس فیصلے کو اے جے یو پی کے لیے ایک بڑے سیاسی دھچکے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پارٹی ریاست میں ایک تیسری قوت کے طور پر خود کو قائم کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔
اپنے فیصلے کے بارے میں طاہر خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اے جے یو پی سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ عجلت میں کیا تھا لیکن اب انہوں نے اسے درست کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ ترنمول کانگریس کے لیے پوری لگن کے ساتھ کام کریں گے اور ممتا بنرجی، ابھیشیک بنرجی، اور مالے گھٹک کی قیادت میں آگے بڑھیں گے۔
اس پیش رفت کے بعد اے جے یو پی کے سربراہ ہمایوں کبیر کی حکمت عملی اور قائدانہ صلاحیتوں پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ تاہم اس معاملے پر ان کی جانب سے کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے ۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی