
حیدرآباد ، 16 اپریل (ہ س)۔ امریکی نیشنل وارکالج کے ایک وفد نے جمعرات کو ڈاکٹر بی آرامبیڈکر تلنگانہ سکریٹریٹ میں تلنگانہ کے وزیر برائے اطلاعات و صنعت ڈی سریدھر بابو سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیرنے وفد کو تلنگانہ میں دستیاب سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اور خاص طورپرایرواسپیس، دفاع اورخلائی شعبوں میں سازگارماحول کے بارے میں آگاہ کیا۔ سریدھربابو نے وفد سے اپیل کی کہ وہ امریکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو ریاست کے ان ابھرتے ہوئے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کریں۔ انہوں نے تلنگانہ کے بڑھتے ہوئے بنیادی ڈھانچے اور پالیسی سازی کے حوالے سے فراہم کی جانے والی سہولیات پر بھی روشنی ڈالی۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق، اس گفتگو میں ایرو اسپیس، دفاع اور خلائی شعبوں میں امریکہ اور تلنگانہ کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی اور دونوں فریقین نے باہمی اشتراک کو بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق