
حیدرآباد ، 16 اپریل (ہ س) ۔
وزیرسیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے آج گنبدان قطب شاہی، کٹورا ہاؤس اورخزانہ بلڈنگ میوزیم کا دورہ کرتے ہوئے تاریخی مقامات کے تحفظ کیلئے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ جوپلی کرشنا راؤ نے تاریخی چارمیناراورچومحلہ پیالیس کا بھی دورہ کیا اورتزئین نو کے کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ عہدیداروں اور مقامی عوامی نمائندوں کے ہمراہ وزیرسیاحت نے گنبدان قطب شاہی کے تعمیری اور مرمتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کٹورا ہاؤس کی بحالی کے منصوبہ پرعہدیداروں سے بات چیت کی ۔ انہوں نے گنبدان قطب شاہی کے اطراف اراضیات کے سلسلہ میں وقف ٹریبونل میں جاری مقد مہ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے متنازعہ اراضی سے ہٹ کرعلاقوں میں تزئین نوکے کام اندرون ایک ہفتہ شروع کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے سلسلہ میں کوئی انتظامی تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔ وزیرسیاحت نے گولکنڈہ قلعہ اور گنبدان قطب شاہی کے درمیان مجوزہ 1.3 کیلومیٹرروپئے پروجیکٹ کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ یہ پروجیکٹ منظوری کے مرحلہ میں ہے۔ ریاستی وزیرنے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ جلد تیارکرتے ہوئے ضروری اجازت نامے حاصل کرنے کی ہدایت دی۔ ریاستی وزیرنے عہدیداروں سے کہا کہ کٹورا ہاؤس کی بحالی کیلئے ڈپارٹمنٹ آف آرکیالوجی، جی ایچ ایم سی، ایچ ایم ڈی اے اور قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو مشترکہ طور پرپلان تیارکرنا چاہئے ۔ انہوں نے بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کٹورا ہاؤس سے کچرے اوردیگر ناکارہ اشیاء کی صفائی کا کام انجام دیں۔ ریاستی وزیر نے قلعہ گولکنڈہ کے قریب کھلی اراضی پرشاپنگ کمپلیکس کی تعمیرکی تجویز پیش کی۔ انہوں نے گنبدان قطب شاہی میں مقامی دست کاروں کی مصنوعات کو پیش کرنے کا مشورہ دیا۔ کرشنا راؤنے منیجنگ ڈائرکٹرٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن گوتمی اورڈائرکٹرآرکیالوجی ارجن راؤ کے ہمراہ چارمیناراورچومحلہ پیالیس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو تاریخی مچھلی کمان کی بحالی کیلئے 3.64 کروڑ مختص کیا ہے۔ عنقریب ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے اور مقررہ وقت پر کاموں کی تکمیل ہوگی۔ وزیرسیاحت نے کمان سحرباطل کی بحالی اورچارمینارکے قریب فاؤنٹین کی بحالی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو سیاحت کے مرکز میں تبدیل کرنے کیلئے حکومت نے نئی سیاحتی پالیسی تیارکی ہے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق