رامبن نالے میں مبینہ طور چھلانگ لگانے والے نوجوان کی تلاش پانچویں روز بھی جاری
رامبن نالے میں مبینہ طور چھلانگ لگانے والے نوجوان کی تلاش پانچویں روز بھی جاری جموں، 16 اپریل (ہ س)۔ ضلع رامبن کے مکرکوٹ علاقے میں نالہ بشلری میں مبینہ طور پر چھلانگ لگانے والے نوجوان تنویر احمد چوپان کی تلاش پانچویں روز بھی جاری ہے تاہم ابھی تک ک
Search


رامبن نالے میں مبینہ طور چھلانگ لگانے والے نوجوان کی تلاش پانچویں روز بھی جاری

جموں، 16 اپریل (ہ س)۔ ضلع رامبن کے مکرکوٹ علاقے میں نالہ بشلری میں مبینہ طور پر چھلانگ لگانے والے نوجوان تنویر احمد چوپان کی تلاش پانچویں روز بھی جاری ہے تاہم ابھی تک کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ حکام کے مطابق نوجوان اتوار کے روز مبینہ طور پر کچھ افراد کے تعاقب کے بعد تیز بہاؤ والے نالے میں کود گیا تھا۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور دیگر ریسکیو ٹیموں نے بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی جو اب بھی جاری ہے۔

پولیس نے اس سلسلے میں چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ایس ڈی پی او بانہال سریندر سنگھ بلوریا کی سربراہی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ریسکیو آپریشن میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، ہمالین کوئیک رسپانس ٹیم ، ریڈ کراس، بانہال والنٹیئرز اور ڈوڈہ کے ماہر غوطہ خور بھی شامل ہیں۔ ٹیمیں نالہ بشلری کے کناروں اور گہرے مقامات کی تلاشی لے رہی ہیں اور سرچ آپریشن کو مکرکوٹ سے ڈگڈول اور بیٹری چشمہ تک وسیع کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق بعض مقامات پر پانی کا رخ موڑنے کے لیے بھاری مشینری کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے تاکہ مشکل علاقوں تک رسائی ممکن بنائی جا سکے۔ادھر جسٹس فار تنویر کے عنوان سے نکالی جانے والی مجوزہ ریلی کو پولیس نے اجازت نہیں دی۔ یہ ریلی ڈک بنگلہ رامبن سے ڈپٹی کمشنر دفتر تک نکالی جانی تھی۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کو رامبن پہنچنے سے روکا گیا جبکہ کانگریس رہنما ایڈوکیٹ فیروز خان کو بھی پولیس اسٹیشن طلب کر کے اجازت نہ دینے سے آگاہ کیا گیا، جس کے بعد انہیں واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande