
حیدرآباد ، 16 اپریل (ہ س) ۔
تلنگانہ کے مویشی پالن، ڈیری کے فروغ اورکھیل کود کے وزیرواکیٹی سری ہری نے تلنگانہ حکومت کے اس فیصلے کو تاریخی اور اہم قراردیا ہے جس کے تحت ذات پات پرمبنی مردم شماری کی تفصیلات کوعوامی سطح پرلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام شفافیت اورسماجی انصاف کومزید تقویت بخشے گا۔ سیکرٹریٹ میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وزیرسری ہری نے کہا کہ ان سیاسی جماعتوں کا تنقید کرنا مضحکہ خیزہے جنہوں نے دہائیوں تک ذات پات کی مردم شماری پر صرف بیان بازی کی اورعملی طورپرکچھ نہیں کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایسی تنقید دراصل اس خوف کا نتیجہ ہے کہ مستند اعداد وشمار کے منظرِ عام پر آنے سے ان کا سیاسی جھوٹ بے نقاب ہو جائے گا۔سری ہری نے کہاکہ اس فیصلے سے پسماندہ طبقات کی حقیقی صورتحال سامنے آئے گی اورعوام ان لیڈروں کی حقیقت سمجھ سکیں گے جنہوں نے اب تک خود کو صرف وعدوں تک محدودرکھا ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیٹا تک رسائی اس بات کو بھی یقینی بنائے گی کہ ترقیاتی اسکیمیں حقیقی طورپرمستحق طبقوں تک پہنچ سکیں گی۔
انہوں نے بعض جماعتوں پرغلط فہمیاں پھیلا کرعوام کوجان بوجھ کرگمراہ کرنے کا الزام لگایا، لیکن واضح کیا کہ تلنگانہ حکومت دیانتداری اور جرات کے ساتھ آگے بڑھے گی۔ انہوں نے تبصرہ کیا کہ جو لوگ سماجی انصاف کی بات کرتے ہیں، انہیں پہلے شفافیت پر عمل کرنا چاہیے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق