خواتین کی سیاسی و سماجی بااختیاری کی سمت میں ناری شکتی وندن ادھینیم سنگِ میل ثابت ہوگا: وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو
وزیراعلیٰ نے سیونی مالوہ کو 1000 کروڑ سے زائد لاگت کے ترقیاتی کاموں کا تحفہ دیا بھوپال، 16 اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ آج کا دن ہندوستان کی جمہوریت کی تاریخ کا بڑا دن ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں 21 وی
سیونی مالوہ میں منعقدہ  پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو


سیونی مالوہ میں منعقدہ بھومی پوجن پروگرام


وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو کا سیونی مالوہ میں شاندار استقبال، روڈ شو میں عوام کا جمِ غفیر امنڈا


وزیراعلیٰ نے سیونی مالوہ کو 1000 کروڑ سے زائد لاگت کے ترقیاتی کاموں کا تحفہ دیا

بھوپال، 16 اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ آج کا دن ہندوستان کی جمہوریت کی تاریخ کا بڑا دن ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں 21 ویں صدی کے سب سے بڑے فیصلے ’ناری شکتی وندن ادھینیم‘ پر لوک سبھا میں بحث کا آغاز ہوا ہے۔ ناری شکتی وندن ادھینیم بہنوں کی سیاسی اور سماجی بااختیاری کی سمت میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔

وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو جمعرات کو نرمدا پورم ضلع کے سیونی مالوہ میں منعقدہ بھومی پوجن پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون نہ صرف کائنات کی جننی (خالق) ہے بلکہ قوم کی ترقی کی اصل محرک بھی ہے۔ جب ہم ترقی یافتہ ہندوستان کا تصور کرتے ہیں، تو اس کی بنیاد میں آدھی آبادی کی صلاحیت، جدوجہد اور کامیابی کی کہانیاں صاف نظر آتی ہیں۔ ناری شکتی وندن ادھینیم اسی صلاحیت کو آئینی شناخت دینے اور جمہوری اداروں میں خواتین کے لیے قیادت کے نئے دروازے کھولنے کی سمت میں ایک انقلابی قدم ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اہل وطن کی سماجی و اقتصادی بہتری کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کی ترقی پر بھی یکساں توجہ دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں پہلے ہی مقامی اداروں اور شہری بلدیاتی انتخابات میں 50 فیصد نشستیں بہنوں کے لیے مخصوص ہیں۔ ریاست کی حکومت بہنوں کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے، ریاستی حکومت جو کہتی ہے اسے پورا کرتی ہے۔ ریاست کی 1.25 کروڑ سے زیادہ لاڈلی بہنوں کو اب تک 55 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم دی جا چکی ہے۔ لاڈلی بہنا یوجنا کے آغاز سے اب تک فی بہن 40 ہزار 500 روپے سے زیادہ کی رقم بہنوں کے بینک کھاتوں میں آئی ہے۔ بہنیں فکر نہ کریں، اسکیم کی رقم بڑھا کر 1500 روپے کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں بھی جو ممکن ہوگا وہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت تمام طبقات کی بہبود کے لیے وقف جذبے سے کام کر رہی ہے۔ ریاست میں پہلی بار سرکاری اسکولوں کے بچوں کو ’’ماتا یشودا یوجنا‘‘ کے تحت مفت دودھ کے پیکٹ تقسیم کیے جائیں گے۔ ہمارے بچے ذہنی اور جسمانی طور پر تندرست بنیں گے۔ ریاست میں دودھ کی پیداوار بڑھانے اور مویشی پروری کی حوصلہ افزائی کے لیے ’’ڈاکٹر بھیم راو امبیڈکر کامدھینو یوجنا‘‘ شروع کی گئی ہے۔ اس سے ہمارے بھائی بہنوں کو خود کفیل بننے میں مدد ملے گی۔ ریاستی حکومت نے مشکل وقت میں سڑک پر زخمیوں کی مدد کے لیے ’راہگیر یوجنا‘ شروع کی ہے، جس میں زخمی کو اسپتال پہنچانے والے کو 25 ہزار روپے کی ترغیبی رقم دینے کا انتظام ہے۔ مشکل وقت میں غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے ایئر ایمبولینس بھی چلائی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے پروگرام میں 972 کروڑ سے زیادہ کی لاگت سے بننے والے 72 کلومیٹر طویل نرمدا پورم-ٹمرنی اسٹیٹ ہائی وے-67 کی اپ گریڈیشن اور تعمیرِ نو کے کام کا بھومی پوجن کیا۔ پروگرام میں وزیر تعمیراتِ عامہ اور نرمدا پورم کے انچارج وزیر راکیش سنگھ خاص طور پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ زراعت، سیاحت، صنعت، جنگلی حیات اور قبائلی علاقوں کو سمیٹے ہوئے نرمدا پورم ضلع تنوع سے بھرپور ہے۔ پچمڑھی میں راجہ بھبھوت سنگھ کے نام پر کابینہ کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔ نرمدا پورم میں ’نرمدا لوک‘ بھی بن رہا ہے۔ نرمدا پورم میں صنعت اور زراعت کی ترقی کے لیے مختلف سرگرمیاں چلائی جا رہی ہیں۔ سڑکیں ترقی کی بنیاد ہیں، اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے نرمدا پورم ضلع میں سڑکوں کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیونی مالوہ کو تقریباً 1000 کروڑ سے زائد لاگت کے ترقیاتی کاموں کا تحفہ مل رہا ہے۔ اس میں 972 کروڑ سے زیادہ کی لاگت سے 72 کلومیٹر طویل نرمدا پورم-ٹمرنی اسٹیٹ ہائی وے-67 کی اپ گریڈیشن اور تعمیرِ نو کا بھومی پوجن شامل ہے۔ یہ صرف سڑک نہیں ہے، اس سے براہِ راست اندور-اجین تک پہنچنا آسان ہو جائے گا۔ اس اسٹیٹ ہائی وے کے ذریعے سیونی مالوہ نئے دور میں داخل ہوگا اور رابطے (کنیکٹیوٹی) کا فائدہ پورے خطے کو ملے گا۔ سیونی مالوہ میں اس سڑک کے ساتھ ترقی کا سوریہ طلوع ہوا ہے۔ اسٹیٹ ہائی وے کے ساتھ سیونی مالوہ کو 106 کروڑ 30 لاکھ کی لاگت کے 96 ترقیاتی کاموں کا تحفہ ملا ہے۔ جس میں 48 کروڑ 61 لاکھ کی لاگت کے 45 ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور 57 کروڑ 69 لاکھ کی لاگت کے 51 ترقیاتی کاموں کا بھومی پوجن مکمل ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ نے دریائے نرمدا کے آنولی گھاٹ کے ہتھنا پور گاوں میں آبپاشی کے منصوبے کو ترقی دینے کا اعلان کیا۔ اس منصوبے سے خطے کے 40 گاوں کے 10 ہزار سے زائد کسانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے میونسپلٹی سیونی مالوہ میں سڑک، سیوریج، بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات کی ترقی کے لیے خصوصی فنڈ سے رقم دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے سیونی مالوہ-شیو پور باوری مین روڈ کی منظوری، پیپل پورہ پل کی تعمیر اور بنا پورہ کے سرکاری اسکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی شیو پور اور ڈول پور میں ساندیپنی اسکول کے لیے سروے کرانے اور ایک اسکول کی منظوری دینے کا اعلان کیا۔

پروگرام سے انچارج وزیر راکیش سنگھ اور ایم ایل اے پریم شنکر ورما نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام میں سابق اسمبلی اسپیکر سیتا شرن شرما، ایم ایل اے وجے پال سنگھ، ٹھاکر داس ناگ ونشی، ضلع پنچایت صدر رادھا پٹیل، ضلع صدر پریتی شکلا اور بڑی تعداد میں مقامی لوگ موجود تھے۔

وزیراعلیٰ نے شہر کے مشہور دکشن مکھی ہنومان مندر پہنچ کر بھگوان شری رام اور بھگوان بجرنگ بلی کی باقاعدہ پوجا کی اور ہنومان مندر سے ہی روڈ شو کا آغاز کیا۔ روڈ شو کے دوران وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے علاقے کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ شہر کے باشندوں نے پھولوں کی بارش کر کے وزیراعلیٰ کا خیرمقدم کیا۔ روڈ شو ہردہ ناکے پر واقع دکشن مکھی ہنومان مندر سے شروع ہوا اور محکمہ جنگلات کے دفتر کے سامنے، گوردھن مندر چوک، کلو چوک، ریوا کمپلیکس کے سامنے، نرمدا مندر چوک، گاندھی چوک، جئے استمبھ چوک، میونسپل آفس کے سامنے، مسجد کے سامنے، کندیلی ندی کے پل سے ہوتے ہوئے پرانے بس اسٹینڈ پر ختم ہوا۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو کو مختلف سماجی اور تجارتی تنظیموں نے شہر آمد پر پھلوں، مٹھائیوں، کاجو کشمش اور لڈووں سے تولا۔ روڈ شو کے دوران بڑی تعداد میں شہری اپنے وزیراعلیٰ کو دیکھنے کے لیے بے تاب نظر آئے۔ روڈ شو میں پنشنر ایسوسی ایشن، خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس، راٹھور سماج، پنچایت سکریٹری اور ڈپٹی سکریٹری ایسوسی ایشن، صفائی کامگار یونین اور تمام کونسلرز اور پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن، ونشکار سماج، شری نشاد سماج سمیت تمام تاجر تنظیموں نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande