
گڑھوا، 16 اپریل (ہ س)۔ گڑھوا میں بدھ کی رات تیز رفتار کا قہر دیکھنے کو ملا، جہاں غیر قانونی ریت سے لدے ٹریکٹر نے دو نوجوانوں کو کچل دیا، جس سے موقع پر ان کی موت ہو گئی۔ یہ واقعہ صدر تھانہ علاقہ کے مہولیا پنچایت علاقہ میں پیش آیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق مہولیا پنچایت کے رہنے والے راہل چودھری ، نند لال رام ، دونوں اپنی لونا موٹر سائیکل کے ساتھ مہولیا اسکول کے پاس کھڑے تھے۔ اسی دوران ، ایک تیز رفتار ٹریکٹر نے غلط سمت سے آکر انہیں ٹکر مار دی۔
ٹکر اتنی شدید تھی کہ راہل چودھری کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ نند لال رام کو تشویشناک حالت میں صدر اسپتال لے جایا جا رہا تھا، لیکن وہ بھی راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ حادثے کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا۔
مقامی لوگوں کی مدد سے دونوں زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور تفتیش شروع کردی۔ دونوں نوجوان مہولیا گاو¿ں کے رہنے والے تھے۔ پولیس فی الحال فرار ٹریکٹر ڈرائیور کی تلاش کر رہی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ اس واقعہ سے پورے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے اور لواحقین میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ دیہی باشندوں نے انتظامیہ سے ایسے واقعات پرروک لگانے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد، جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے رہنما جواہر پاسوان نے جمعرات کو متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اہل خانہ کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد