
کولکاتا، 16 اپریل (ہ س)۔ہندوستان کے انتخابی کمیشن نے مغربی بنگال میں آئندہ دو مرحلوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی مکمل نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے ایک بڑا فیصلہ لیا ہے۔ کمیشن نے حساس پولنگ اسٹیشنوں پر تین اور عام پولنگ اسٹیشنوں پر دو سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے ذرائع کے مطابق، حساس پولنگ اسٹیشنوں پرنصب کئے جانے والے تین سی سی ٹی وی کیمروں میں سے دو پولنگ اسٹیشن کے اندر اور ایک باہر نصب کیا جائے گا۔ عام پولنگ اسٹیشن پر ایک کیمرہ اندر اور ایک باہر نصب کیا جائے گا۔
یہ تمام کیمرے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم سے منسلک ہوں گے جو متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ دفاتر میں موجود ہوں گے۔ انہیں کولکاتا میں چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے مرکزی کنٹرول روم سے بھی جوڑا جائے گا۔
حکام کے مطابق یہ کیمرے آرٹیفشیل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) پر مبنی ہوں گے۔ اگر کسی پولنگ اسٹیشن پر غیر مجاز لوگوں کی بھیڑ یا کوئی غیر قانونی سرگرمی ہوتی ہے تو فوری طور پر ضلع اور مرکزی کنٹرول روم کو مطلع کیا جائے گا۔
ان کیمروں کو اس طرح ترتیب دیا جائے گا کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر تمام سرگرمیوں کا 360 ڈگری ویو دستیاب ہو۔انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کے عمل کی نگرانی کے لیے خصوصی ویڈیو گرافرز تعینات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، سینٹرل آرمڈ پولیس فورس کی کوئیک ریسپانس ٹیم کی گاڑیوں میں جی پی ایس ٹریکر بھی لگائے جائیں گے تاکہ پولنگ کے دن ان کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھی جاسکے۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے ذرائع کے مطابق، گزشتہ انتخابات میں شکایات موصول ہوئی تھیں کہ کافی تعداد میں فورسز کی تعیناتی کے باوجود ان کا صحیح استعمال نہیں کیا جا رہا تھا اور اکثر انہیں مطلوبہ مقامات پر تعینات کرنے کے بجائے دوسری جگہوں پر تعینات کیا جاتا تھا۔ اس کی روشنی میں کمیشن نے اس بار سیکورٹی فورسز کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد