
ممبئی ، 16 اپریل (ہ س) ۔ مہاراشٹر حکومت نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ریاست بھر میں پہلے مرحلے میں 100 ’’مہاتما جیوتی راؤ پھولے اسکل ٹریننگ سینٹر‘‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ آئندہ مرحلوں میں ان مراکز کی تعداد بڑھا کر 1000 تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔روزگار، کاروباری ترقی اور جدت کے محکمہ کے تحت شروع کی جانے والی اس اسکیم کے بارے میں وزیر منگل پربھات لوڈھا نے بتایا کہ یہ مراکز نوجوانوں کو عملی مہارت فراہم کر کے انہیں روزگار کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسکیم ممبئی شہر اور مضافاتی علاقوں میں بھی نافذ کی جائے گی۔ اس سلسلے میں بی ایم سی کمشنر اشونی بھڈے کو خط لکھ کر میونسپل کارپوریشن کے ذریعے ان مراکز کے لیے مناسب جگہ فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ وزیر لوڈھا نے کمشنر سے ملاقات کر کے ممبئی کے مختلف مسائل اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔حکومت کے مطابق ان اسکل ٹریننگ مراکز میں نئی تعلیمی پالیسی کے تحت تعلیم کے ساتھ عملی مہارت کو جوڑا جائے گا، تاکہ طلبہ کو ڈگری کے ساتھ ہنر بھی حاصل ہو اور انہیں بہتر روزگار کے مواقع میسر آئیں۔ اس کے علاوہ یہ مراکز جھگی بستی علاقوں میں بھی قائم کیے جائیں گے، تاکہ پسماندہ طبقے کے نوجوان بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔اس ملاقات کے دوران دیگر شہری مسائل پر بھی بات چیت ہوئی، جس میں ہینگنگ گارڈن میں بزرگ شہریوں کے لیے ریمپ کی تعمیر، سائن علاقے میں ڈی پی روڈ سے تجاوزات ہٹانے اور سڑک کو عوام کے لیے کھولنے جیسے معاملات شامل تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ریاست میں ہنرمند افرادی قوت میں اضافہ ہوگا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے