
علی گڑھ, 15 اپریل (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سر راس مسعود ہال میں طلبہ کو اعلیٰ تعلیم اور عالمی سطح پر کریئر کے مواقع سے آگاہ کرنے کے مقصد سے ایک کریئرہنمائی پروگرام منعقد کیا گیا۔پروگرام کا آغاز پرووسٹ پروفیسر محمد آصف کے استقبالیہ خطاب سے ہوا۔ انھوں نے مقررین، انجینئر مدثر حسن خان اور انجینئر عبدالصمد کا تعارف کرایا۔ دونوں مقررین کنگ فہد یونیورسٹی آف پیٹرولیم اینڈ منرلز (کے ایف یو پی ایم)، سعودی عرب میں گریجویٹ ایمبیسیڈر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انجینئر مدثر حسن، اے ایم یو میں اپنی تعلیم کے دوران اسی ہال میں مقیم رہ چکے ہیں۔انجینئر مدثر حسن خان نے کے ایف یو پی ایم کے حوالہ سے اپنے تجربات بیان کیے اور داخلہ کے طریقہ کار، تحقیقی مواقع اور تعلیمی ماحول پر تفصیل سے روشنی ڈالی، نیز طلبہ کو بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے اپنی رہنمائی جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ انجینئر عبدالصمد نے فارغ التحصیل طلبہ کے لیے ابھرتے ہوئے کریئر مواقع پر گفتگو کی اور طلبہ کو مختلف تعلیمی و پیشہ ورانہ راستوں کو اختیار کرنے کی ترغیب دی۔یہ پروگرام وارڈن ڈاکٹر محمد نفیس کی نگرانی میں منعقد ہوا، جس میں طلبہ نے حسب ضرورت سوالات بھی کئے۔ پروگرام کی نظامت محمد انس، کریئر کاؤنسلنگ سکریٹری نے کی، جبکہ محمد محبوب عالم، گلفام خان اور سہیل صدیقی نے معاونت فراہم کی۔ آخر میں ڈاکٹر عبدالفہیم نے اظہارِ تشکر کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ