آشا بھوسلے کا انتقال، موسیقی کا سنہرا دور ختم ، جدوجہد سے عظمت تک کا ناقابلِ فراموش سفر
ممبئی ، 12 اپریل (ہ س) ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں 92 برس کی عمر میں نامور پلے بیک سنگر آشا بھوسلے کا انتقال ہو گیا، جس کے ساتھ ہی بھارتی موسیقی کا ایک سنہرا دور اپنے اختتام کو پہنچ گیا، جس کی بازگشت آنے والی دہائیوں تک سنائی دیتی رہے گی۔ 19
Obit Asha Bhosle Life Journey


ممبئی ، 12 اپریل (ہ س) ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں 92 برس کی عمر میں نامور پلے بیک سنگر آشا بھوسلے کا انتقال ہو گیا، جس کے ساتھ ہی بھارتی موسیقی کا ایک سنہرا دور اپنے اختتام کو پہنچ گیا، جس کی بازگشت آنے والی دہائیوں تک سنائی دیتی رہے گی۔

1950 کی دہائی سے شروع ہونے والا آشا بھوسلے کا گلوکاری کا سفر آخری وقت تک جاری رہا۔ پنڈت دیناناتھ منگیشکر کے گھرانے میں پیدا ہونے والی آشا بھوسلے نے موسیقی کی دنیا میں ایسا مقام حاصل کیا جو کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ بڑی بہن لتا منگیشکر کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا، اگرچہ بعد میں دونوں بہنوں کے تعلقات میں دوری کی خبریں بھی سامنے آتی رہیں۔

محض نو سال کی عمر میں والد کے انتقال کے بعد آشا بھوسلے نے سخت حالات میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ خاندان کے ساتھ پونے سے ممبئی منتقل ہونے کے بعد انہوں نے فلموں میں گانا شروع کیا۔ ان کا پہلا گیت مراٹھی فلم ’’ماجھا بال‘‘ (1943) میں تھا، جبکہ ہندی سنیما میں انہیں 1948 کی فلم ’’چنریا‘‘ کے گیت ’’ساون آیا‘‘ سے شناخت ملی۔

صرف 16 سال کی عمر میں آشا بھوسلے نے گنپت راؤ بھوسلے سے محبت کی بنیاد پر شادی کی، جو ان سے تقریباً 20 سال بڑے تھے اور لتا منگیشکر کے سیکریٹری بھی رہ چکے تھے۔ اس شادی کو خاندان کی منظوری حاصل نہیں تھی، جس کے باعث بہنوں کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی۔ یہ شادی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکی اور تقریباً 11 سال بعد دونوں الگ ہو گئے۔ اس رشتے سے ان کے تین بچے ہوئے۔

پہلی شادی کے خاتمے کے بعد ان کی زندگی میں ایک نیا موڑ آیا اور انہوں نے 1980 میں معروف موسیقار آر ڈی برمن سے شادی کی۔ اس جوڑی نے بھارتی فلمی موسیقی کو کئی یادگار نغمے دیے، تاہم 1994 میں آر ڈی برمن کے انتقال کے بعد یہ ساتھ بھی ختم ہو گیا۔

ایک وقت ایسا بھی آیا جب فلمی صنعت میں لتا منگیشکر اور آشا بھوسلے کے درمیان پیشہ ورانہ مقابلے کی باتیں عام تھیں۔ فلم ’’تیسری منزل‘‘ کے گانوں کی کامیابی کے بعد دونوں کا تقابل کیا جانے لگا، اگرچہ دونوں بہنوں نے ان خبروں کی کبھی تصدیق نہیں کی۔

آشا بھوسلے نے اپنے طویل کیریئر میں ہندی سمیت تقریباً 20 زبانوں میں 12 ہزار سے زائد گانے گائے۔ انہوں نے شنکر-جے کشن، سچن دیو برمن، او پی نیر، الییاراجا، بپی لہری اور اے آر رحمان جیسے عظیم موسیقاروں کے ساتھ کام کیا۔ گلوکاری کے علاوہ انہوں نے اداکاری میں بھی قدم رکھا اور 2013 میں مراٹھی فلم ’’مائی‘‘ میں اداکاری کی۔ وہ ایک بہترین باورچی بھی تھیں اور ان کے نام سے دبئی اور کویت میں ریستوران بھی قائم تھے۔

اپنے شاندار کیریئر کے دوران آشا بھوسلے کو متعدد بڑے اعزازات سے نوازا گیا، جن میں سات فلم فیئر ایوارڈز، لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، سال 2000 میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ اور 2008 میں پدم وبھوشن شامل ہیں۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande