
دیواس، 12 اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے دیواس ضلع میں ہفتہ کی دیر رات بھوپال ہائی وے پر نیوری پھاٹا کے پاس نامعلوم گاڑی نے ایک کار کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں دو سگے بھائیوں سمیت تین لوگوں کی موت ہو گئی، جبکہ ایک نوجوان سنگین طور پر زخمی ہوا ہے، جسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
معلومات کے مطابق، کار سوار نوجوان اپنے دادا جی کی تیرہویں کے پروگرام کے لیے سامان لینے سونکچھ گئے تھے۔ رات تقریباً 1.30 بجے لوٹتے وقت نیوری پھاٹا کے پاس ان کی کار کو کسی نامعلوم گاڑی نے پیچھے سے ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی تیز تھی کہ کار بے قابو ہو کر سڑک کنارے درخت سے جا ٹکرائی اور بری طرح تباہ ہو گئی۔ اس حادثے میں تین نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ایک نوجوان سنگین طور پر زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور تمام نوجوانوں کو اسپتال پہنچایا۔
پولیس کے مطابق، متوفین کی شناخت موہت (22) ولد دنیش ناگر باشندہ گرام گنائی بھوراسا، شبھم (24) ولد راجیش ناگر اور پردیپ (20) ولد راجیش ناگر، دونوں باشندہ دودھ لائی سونکچھ کے طور پر ہوئی ہے۔ وہیں، حادثے میں سلپاکھیڑا بروٹھا ساکن سچن نامی نوجوان سنگین طور پر زخمی ہوا ہے۔ پولیس نے زخمی کو فوری طور پر ضلع اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹر راہل گہلوت کے ذریعے ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ حالت نازک ہونے پر اسے نجی اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے متوفین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ پولیس نامعلوم گاڑی کی تلاش میں مصروف ہے۔
ضلع اسپتال کے ڈاکٹر راہل گہلوت کے مطابق، حادثے میں کل چار لوگ شامل تھے، جن میں سے تین کی موت ہو چکی ہے، جبکہ ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ متوفی کے رشتہ دار وکاس دھاکڑ نے بتایا کہ دادا جی کے نکتے کا پروگرام اتوار کو تھا، جس کے لیے تمام نوجوان سونکچھ سے سامان لے کر اپنے گاوں لوٹ رہے تھے۔ تمام زراعت کا کام کرتے تھے اور آپس میں رشتہ دار تھے۔ حادثے کے وقت موہت کار چلا رہا تھا اور گاڑی اسی کی تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن