ایل جی نے کرگل میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا
ایل جی نے کرگل میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا جموں، 12 اپریل (ہ س)۔ مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ نے آج کرگل کے کربتھنگ علاقے میں دیہی ترقی محکمہ کے نئے تعمیر شدہ کمپلیکس اور ڈسٹرکٹ ریسورس سینٹر کا افتتاح کیا
Lg


ایل جی نے کرگل میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا

جموں، 12 اپریل (ہ س)۔

مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ نے آج کرگل کے کربتھنگ علاقے میں دیہی ترقی محکمہ کے نئے تعمیر شدہ کمپلیکس اور ڈسٹرکٹ ریسورس سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ کرگل میں قائم کیے گئے کو-ورکنگ اسپیس کا بھی باقاعدہ افتتاح عمل میں لایا گیا۔

تقریباً 19.56 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے آر ڈی ڈی کمپلیکس میں ڈائریکٹوریٹ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ، ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر سمیت تمام اہم دفاتر کو ایک ہی چھت تلے لایا گیا ہے۔ اس عمارت میں ریسورس سینٹر، لائبریری اور کانفرنس ہال جیسی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ کمپلیکس اور ریسورس سینٹر ضلع میں دیہی منصوبہ بندی، ادارہ جاتی صلاحیت اور حکمرانی کے نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان سہولیات سے ترقیاتی پروگراموں کے بہتر اور مربوط نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے گا، جس کا فائدہ خاص طور پر کرگل کے دیہی اور دور دراز علاقوں کو ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعظم نریندر مودی کے وکست بھارت وژن سے ہم آہنگ ہے اور مشکل جغرافیائی حالات والے علاقوں میں جامع اور پائیدار ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ کرگل میں جاری بنیادی ڈھانچے کی ترقی حکومت ہند کے دیہی ترقی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے، جس کا مقصد ملک کے ہر خطے اور ہر فرد تک مساوی ترقی پہنچانا ہے۔

لداخ کی چین اور پاکستان سے قربت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرحدی سلامتی کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی اور سیاحت کے فروغ پر بھی توجہ دینا ضروری ہے تاکہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور وہ خود کفیل بن سکیں۔

انہوں نے پشمینہ، خوبانی اور سی بکتھورن جیسے مقامی مصنوعات کی عالمی منڈی میں بے پناہ صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بہتر پیکجنگ، معیاری تیاری اور مؤثر مارکیٹنگ کے ذریعے ان مصنوعات کی عالمی مسابقت کو بڑھایا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ صنعت و تجارت کی جانب سے قائم کردہ کو-ورکنگ اسپیس کا بھی افتتاح کیا اور کہا کہ یہ قدم خطے میں کاروبار، اختراع اور اسٹارٹ اپ کلچر کو فروغ دینے میں اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکز نوجوان کاروباری افراد، فری لانسرز اور پیشہ ور افراد کے لیے جدید سہولیات اور باہمی تعاون کے مواقع فراہم کرے گا، جو لداخ کی پائیدار اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande