ممبئی میں گرمی کے ساتھ فضائی آلودگی میں اضافہ
ممبئی ، 12 اپریل (ہ س) ممبئی میں حبس بھری گرمی کے ساتھ فضائی آلودگی میں اضافہ ہونے سے شہریوں کی تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے، اتوار کی صبح شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی دھند (اسموگ) دیکھی گئی جبکہ ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) ’موڈریٹ‘ زمرے میں در
ممبئی میں گرمی کے ساتھ فضائی آلودگی میں اضافہ


ممبئی ، 12 اپریل (ہ س) ممبئی میں حبس بھری گرمی کے ساتھ فضائی آلودگی میں اضافہ ہونے سے شہریوں کی تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے، اتوار کی صبح شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی دھند (اسموگ) دیکھی گئی جبکہ ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) ’موڈریٹ‘ زمرے میں درج کیا گیا۔

کچھ دنوں سے صاف اور سانس لینے کے قابل فضا کا لطف اٹھانے والے ممبئی کے شہریوں کو ایک بار پھر آلودگی کا سامنا کرنا پڑا۔ سینٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ کے ’سمیر ایپ‘ کے مطابق شہر کا اے کیو آئی 111 ریکارڈ کیا گیا، جس سطح پر دمہ، دل کے امراض یا سانس کی تکلیف میں مبتلا افراد کو مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس جبکہ کم سے کم 24 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ اس طرح حبس بھری گرمی اور بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کو دوہری پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح مختلف رہی، جہاں دیونار میں سب سے زیادہ 179 اے کیو آئی درج کیا گیا۔ اس کے بعد باندرہ-کرلا کمپلیکس میں 165، اندھیری میں 153، بوریولی (مشرق) میں 126، بھائکھلا میں 115 اور چیمبور میں 107 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔

تاہم کولابا میں 70 اے کیو آئی درج کیا گیا جو نسبتاً بہتر سطح پر رہا۔ ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں مجموعی طور پر فضائی معیار ’تسلی بخش‘ سے ’موڈریٹ‘ کے درمیان رہا، جہاں تھانے میں 82، نوی ممبئی میں 116 اور کلیان میں 71 اے کیو آئی درج کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے بچوں، بزرگوں اور سانس یا دل کے مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande