
حیدرآباد، 11 اپریل (ہ س)۔ نائب وزیراعلی بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ آرٹیفشل انٹلیجنس جیسی عصری ٹکنالوجی کے استعمال اور مختلف محکمہ جات سے ٹیکسوں کی وصولی کے نظام کو بہتر بناتے ہوئے ریاست کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے آمدنی اوروسائل میں اضافہ سے متعلق کابینی سب کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان ، ریاستی وزراء اتم کمارریڈی ، جوپلی کرشناراؤ کے علاوہ چیف سکریٹری رام کرشناراؤ نے شرکت کی۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ مائیننگ اور ٹرانسپورٹ محکمہ جات کی آمدنی میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریت کی منتقلی اورکریشرمائیننگ کے شعبہ جات میں عہدیداروں کو مزید چوکسی اختیار کرتے ہوئے غیر قانونی منتقلی اور کانکنی کو روکنے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ کمرشیل ٹیکس محکمہ میں گزشتہ تین ماہ کے دوران جی ایس ٹی کی وصولی میں 15 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی آمدنی میں اضافہ درج کیا گیا۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کابینی سب کمیٹی کا اجلاس ہفتہ میں ایک بارمنعقد کرتے ہوئے آمدنی میں اضافہ کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک ریاست کی آمدنی تین ٹریلین ڈالرتک پہنچانے کا نشانہ مقررکیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ایم ڈی اے کے ذریعہ اراضی کے آکشن کی بڑے پیمانہ پرتشہیرکی جانی چاہئے تاکہ حکومت کو زائد آمدنی حاصل ہو۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق