
حیدرآباد، 11 اپریل (ہ س)۔ تلنگانہ کی سیاست میں ایک اہم اورد لچسپ پیشرفت سامنے آئی ہے ۔ سینئیرقائد سابق وزیرٹی جیون ریڈی نے بی آرایس کے سربراہ سابق وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ سے ایراویلی فارم ہاوز میں ملاقات کی جس نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچادی ہے ۔ دہائیوں تک ایک دوسرے کے سیاسی حریف رہنے والے ان دونوں قائدین کی یہ خوشگوار ملاقات غیر معمولی اہمیت اختیارکرگئی ہے ۔ کے سی آر نے جیون ریڈی کا پرتپاک استقبال کیا جب کہ اس موقع پرجیون ریڈی جذباتی ہوگئے اورانہوں نے کے سی آر کو گلے لگایا ۔ دونوں قائدین کے درمیان ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال اوردیگرامورپر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔ جیسے ہی جیون ریڈی فارم ہاوز پہونچے بی آرایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آرکے علاوہ سابق وزراء کے ایشور، گنگولہ کملاکر، پرشانت ریڈی ، ایم ایل سی ایل رمنا، ایم ایل اے ڈاکٹر کے سنجے سابق رکن راجیہ سبھا جی سنتوش کمار کے علاوہ دوسرے قائدین نے ان کا شاندار خیرمقدم کیا ۔ کے ٹی آر نے گلدستہ پیش کیا ۔ کانگریس میں نظرانداز کئے جانے اور پارٹی قیادت سے اختلافات اور حکومت کی کارکردگی سے عدم اطمینان کے بعد جیون ریڈی کانگریس سے مستعفی ہوگئے، قبل ازیں ایک یوم پہلے کے ٹی آرنے ان سے ملاقات کرتے ہوئے بی آرایس میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی جس پرجیون ریڈی آج فارم ہاوز پہونچ کر کے سی آر سے ملاقات کی ۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق