کرائم برانچ نے دھوکہ دہی کے معاملے میں مقدمہ درج کیا۔
جموں, 11 اپریل (ہ س)جموں میں زمین کی خرید و فروخت کے نام پر دھوکہ دہی کا ایک بڑا معاملہ سامنے آیا ہے، جس میں کرائم برانچ کے اسپیشل کرائم وِنگ نے ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ حکام کے مطابق، بشنہ تحصیل کے چک مرار علاقے کی ایک خاتون کی شکایت پر
Fruad


جموں, 11 اپریل (ہ س)جموں میں زمین کی خرید و فروخت کے نام پر دھوکہ دہی کا ایک بڑا معاملہ سامنے آیا ہے، جس میں کرائم برانچ کے اسپیشل کرائم وِنگ نے ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

حکام کے مطابق، بشنہ تحصیل کے چک مرار علاقے کی ایک خاتون کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ارجن کمار نامی شخص کے خلاف کیس درج کیا، جو کوتھے ہوشیارو، بشنہ کا رہائشی ہے۔

شکایت میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے خود کو ضلع سانبہ کے بڑی برہمنہ کے گاؤں پلی میں واقع دو کنال زرعی زمین کا مالک ظاہر کر کے خاتون اور ان کے شوہر کو زمین فروخت کرنے کا جھانسہ دیا۔ متاثرہ خاتون کے مطابق، ان کے شوہر نے زمین کا معائنہ بھی کیا تھا اور ملزم نے تمام کاغذی کارروائی مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

ملزم کی باتوں پر یقین کرتے ہوئے جوڑے نے 6 لاکھ روپے میں زمین خریدنے کا معاہدہ کیا اور مرحلہ وار ادائیگی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 5.62 لاکھ روپے ملزم کو ادا کیے، جن میں 3.35 لاکھ روپے نقد اور باقی رقم یو پی آئی کے ذریعے دی گئی۔

تاہم، رقم وصول کرنے کے باوجود ملزم نے نہ زمین کا قبضہ دیا اور نہ ہی رجسٹری مکمل کی۔ بعد میں تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مذکورہ زمین پہلے ہی کسی اور کو فروخت کی جا چکی ہے، جبکہ تحصیلدار بڑی برہمنہ کے دفتر سے تصدیق کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ زمین ملزم کے نام پر درج ہی نہیں تھی۔

خاتون نے الزام لگایا کہ ملزم نے رقم واپس کرنے سے بھی انکار کر دیا اور رابطہ منقطع کر دیا، جس کے باعث انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں دھوکہ دہی کی تصدیق ہونے کے بعد تعزیراتِ ہند کی دفعہ 420 کے تحت پولیس اسٹیشن اسپیشل کرائم وِنگ، کرائم برانچ جموں میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ کیس کی مزید تحقیقات انسپکٹر دیپک بھارتی کے سپرد کر دی گئی ہیں۔

حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande