
نئی دہلی، 11 اپریل (ہ س)۔ دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ستیہ شرما نے ہفتہ کو شاہدرہ (نارتھ) زون کے گوتم پوری وارڈ میں واقع میونسپل کارپوریشن اسکولوں، رہائشی کمپلیکس، کیتھواڑا اور برہم پوری (ٹی-1) کا معائنہ کیا۔
معائنہ کے دوران اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ستیہ شرما نے اسکولوں میں طلبہ کی کم تعداد پر تشویش کا اظہار کیا اور عہدیداروں کو طلبہ کی تعداد بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ اساتذہ کی کمی کے باوجود دو شفٹ کی کلاسز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ تمام کلاسز ایک ہی شفٹ میں کرائی جائیں اور خالی آسامیوں کو فوری پر کیا جائے۔
اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین نے والدین سے بات چیت کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو ان کے فوری حل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ بغیر اجازت چھٹی لینے والے اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور مستقبل میں تمام اساتذہ چھٹی لینے کے لیے قواعد کے مطابق پیشگی منظوری حاصل کریں۔
معائنہ کے دوران ستیہ شرما نے اسکولوں میں روشنی کی کمی کو نوٹ کیا اور فوری بہتری کی ہدایت کی۔ اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین نے بیت الخلاءکی ابتر حالت اور صفائی کے فقدان بالخصوص برہم پوری (ٹی-1) کے اسکول میں سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو فوری اصلاحی کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
اس موقع پر اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ستیہ شرما نے کہا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں میں معیاری تعلیم، صاف ستھرا ماحول اور بنیادی سہولیات کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ معائنہ کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے اور متعلقہ عہدیداروں کو بروقت بہتری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے طلباءکی تعداد بڑھانے، اساتذہ کی دستیابی کو یقینی بنانے اور اسکولوں کے مجموعی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے پر زور دیا۔
شرما نے کہا کہ کسی بھی سطح پر لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داری کا تعین کرنے کے بعد ضروری کارروائی کی جائے گی، تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیم اور سہولیات مل سکیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر آف ایجوکیشن سنجیو کمار متل، شاہدرہ نارتھ زون کی ڈپٹی کمشنر ممتا یادو اور ڈائریکٹر ایجوکیشن نکھل تیواری سمیت متعلقہ افسران موجود تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی