
پونے، 11 اپریل (ہ س) مہاراشٹر کے وزیر خوراک و شہری رسد چھگن بھجبل کا ہیلی کاپٹر مقررہ ہیلی پیڈ کے بجائے غلطی سے کار پارکنگ میں لینڈنگ کر گیا۔ یہ واقعہ پونے ضلع کے پورندر تعلقہ کے خانواڑی علاقے میں پیش آیا، جس سے موقع پر موجود افراد میں شدید ہلچل مچ گئی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق چھگن بھجبل مہاتما پھولے کی یومِ پیدائش کے موقع پر ضلع پریشد اسکول کے افتتاحی پروگرام میں شرکت کے لیے ناسک سے پونے جا رہے تھے۔ پروگرام کے لیے باقاعدہ ہیلی پیڈ تیار کیا گیا تھا، لیکن پائلٹ نے اسکول کے قریب موجود کار پارکنگ کے کھلے میدان کو ہیلی پیڈ سمجھ کر وہیں ہیلی کاپٹر اتار دیا۔
ہیلی کاپٹر کی اچانک اس غیر متوقع لینڈنگ سے وہاں موجود لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور انتظامیہ و پولیس میں بھی کچھ دیر کے لیے بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہو گئی۔ بعد ازاں پولیس نے پائلٹ کو اس غلطی سے آگاہ کیا، جس کے بعد ہیلی کاپٹر کو وہاں سے ہٹا دیا گیا۔
اگرچہ اس واقعے میں کوئی حادثہ پیش نہیں آیا، لیکن پائلٹ کی اس سنگین غلطی نے سکیورٹی اور انتظامی نظام پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ اب زور پکڑ رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے