
علی گڑھ، 10 اپریل (ہ س)۔
ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج اینڈ ہاسپٹل، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ کنزرویٹو ڈینٹسٹری و اینڈوڈونٹکس نے تین ماہ کے آبزروَر شپ پر مبنی کلینیکل ٹریننگ پروگرام میں داخلے کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ یہ پروگرام یکم مئی 2026 سے شروع ہو کر 31 جولائی 2026 تک جاری رہے گا۔اس کورس میں وہ امیدوار درخواست دینے کے اہل ہیں جنہوں نے ڈینٹل کونسل آف انڈیا سے تسلیم شدہ کسی ادارے سے بی ڈی ایس مکمل کیا ہو اور گزشتہ دو برسوں کے اندر اپنی انٹرن شپ مکمل کی ہو۔ اس پروگرام میں نشستوں کی تعدادتین ہے جسے بڑھا کر چار کیا جا سکتا ہے۔ داخلہ، پہلے آؤ پہلے پاؤ کی بنیاد پر دیا جائے گا۔ ٹریننگ فیس 75 ہزار روپے ہے جو داخلے کے وقت جمع کرنی ہوگی۔اے ایم یو کی ویب سائٹhttps://amu.ac.in/department/conservative-dentistry-endodontics/notice-and-circular سے درخواست فارم کو ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔شعبہ کے چیئرمین پروفیسر آر کے تیواری نے بتایا کہ درخواست فارم کو پُر کرکے مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ شعبہ کنزرویٹو ڈینٹسٹری و اینڈوڈونٹکس کے چیئرمین دفتر میں جمع کیا جاسکتا ہے یا سنگل پی ڈی ایف فائل کی شکل میں ای میل آئی ڈی chairperson.cd@amu.ac.in پر ارسال کیا جاسکتا ہے۔ فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 21 اپریل 2026 مقرر ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ