
حیدرآباد، 10 اپریل (ہ س) ۔ کانگریس سینئر قائد سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے ویمن ریزرویشن بل میں بی سی (پسماندہ طبقات)خواتین کو مناسب حصہ نہ دینے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس معاملہ پر ملک گیر تحریک شروع کی جائے گی۔ ہنمنت راؤ نے آج گاندھی بھون میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچیکہ وہ خواتین ریزرویشن بل کی حمایت کرتے ہیں لیکن اس بل میں بی سی خواتین کی نمائندگی کے حوالے سے واضح انصاف ہونا چاہئیے۔
انہوں نے استفسار کیاکہ تعداد کے لحاظ سے بڑی آبادی رکھنے والے بی سی طبقات کو مناسب حصہ کیوں نہیں دیا جارہا ہے ۔ وی ہنمنت راؤ نے مرکزی حکومت اور وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی سی طبقات کے حقوق کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ ذات پات کی مردم شماری کے وعدوں پر بھی اعتماد نہیں رکھتے اور انہیں حکومت کی نیت پر شکوک ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 16 اپریل کو چلو دہلی پروگرام کا آغاز کیا جائے گا جس میں خواتین کے تحفظات میں بی سی طبقہ کیلئے حصہ داری کا مطالبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام خواتین سے چاہے وہ کسی بھی ذات یا مذہب سے تعلق رکھتی ہو ، اس تحریک میں شامل ہونے کی اپیل ہے۔ ہنمنت راؤ نے خبردار کیا ہیکہ اگر بی سی خواتین کو ان کا حق نہ ملا تو نریندر مودی ہٹاؤ او بی سی بچاؤ نعرہ کے ساتھ ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق