
قوم کی مضبوطی عمارتوں سے نہیں بلکہ شہریوں کی دیانتداری، مشترکہ اقدار اور باہمی اعتماد سے ہے۔ ایل جی
جموں، 10 اپریل (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ قوم کی مضبوطی عمارتوں سے نہیں بلکہ شہریوں کی دیانتداری، مشترکہ اقدار اور باہمی اعتماد سے ہوتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی بھلائی کو ترجیح دیں کیونکہ حقیقی قوم سازی اسی جذبے سے پروان چڑھتی ہے۔ وہ جمعرات کو ابھینو تھیٹر جموں میں منعقدہ موسیقیاتی اوپیرا ’’ماتا سکرالا کی کہانی‘‘ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے، جس میں ماتا سکرالا دیوی کی روحانی داستان پیش کی گئی۔ اس پروگرام کا اہتمام بھارتیہ لوک سنگیت کلا سنستھان اور جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز نے کیا تھا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ثقافتی ورثہ ایک مضبوط سماجی طاقت ہے جو ہمارے خیالات، اقدار اور طرزِ عمل کو تشکیل دیتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی تہذیبی جڑوں سے جڑے رہیں، کیونکہ ثقافت سے دوری قوموں کو کمزور کر دیتی ہے جبکہ اپنی روایات سے وابستہ نوجوان قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سچائی، خدا پر ایمان اور وطن سے محبت ہمیں ایک لڑی میں پروتے ہیں، جبکہ ڈوگرہ ثقافت کی روایات اور لوک فنون نسل در نسل حکمت منتقل کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روایتی اقدار کو جدید فنون کے ذریعے فروغ دینا دراصل مستقبل کی مضبوط بنیاد رکھنے کے مترادف ہے۔
منوج سنہا نے کہا کہ قوم سازی صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ ایک اجتماعی عمل ہے، جس میں باشعور شہری کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بے حسی مضبوط نظام کو بھی کمزور بنا سکتی ہے، اس لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔ تقریب میں ڈاکٹر ایم ایل ڈوگرا، ڈاکٹر وجے کمار مگوترا، برج موہن شرما، اراکین اسمبلی، اشوک بھان اور دیگر معزز شخصیات سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر